ملالہ کے لیے میکسیکو کا بین الاقوامی انعام بھی
25 نومبر 2013میکسیکو سٹی سے ملنے والی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق گزشتہ برس پاکستان کی وادیء سوات میں طالبان شدت پسندوں کے ایک حملے میں شدید زخمی ہو جانے والی اس 16 سالہ طالبہ کے لیے اعلان کردہ اعزاز کا نام ’بین الاقوامی انعام برائے مساوات اور عدم امتیاز‘ ہے، جو ملالہ یوسفزئی کو ممکنہ طور پر اگلے سال کے اوائل میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں دیا جائے گا۔
میکسیکو حکومت کی امتیازی سلوک کے سدباب کی قومی کونسل کے مرکزی دفتر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ان دنوں برطانیہ میں مقیم اس پاکستانی طالبہ کو یہ انعام دینے کا مقصد اس کی ان کوششوں کا اعتراف ہے، جو اس نے ’’انسانی حقوق کے تحفظ‘‘ اور خاص کر اپنی مسلسل جدوجہد کے ذریعے ’’رنگ، نسل، عمر، جنس اور مذہب کی بنیادوں پر تعصب سے دور رہتے ہوئے بچوں کے تعلیم کے بنیادی حق‘‘ کے لیے کی ہیں۔
میکسیکو کی اس قومی کونسل نے فی الحال یہ انعام دیے جانے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا تاہم اتنا کہا گیا ہے کہ ملالہ یوسفزئی کو یہ انٹرنیشنل پرائز اگلے سال کے شروع میں اہتمام کردہ ایک تقریب میں دیا جائے گا۔
ملالہ یوسفزئی گزشتہ برس طالبان کے ایک حملے میں زخمی ہونے کے بعد سے اب تک بچوں کے تعلیم سے متعلق بنیادی حقوق کی ایک عالمی سفیر بن چکی ہے اور اسے گزشتہ ایک سال کے دوران کئی اہم بین الاقوامی انعامات کا حقدار بھی ٹھہرایا جا چکا ہے۔
یہ پاکستانی طالبہ سوات میں زخمی ہونے کے بعد علاج کے لیے برطانیہ لائی گئی تھی، اور اپنی صحتیابی کے بعد سے وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ برطانیہ ہی میں مقیم ہے۔ ملالہ نے لڑکیوں کی تعلیم کی حمایت میں اپنا بلاگ 11 برس کی عمر میں لکھنا شروع کیا تھا، اب تک اس کی خود نوشت سوانح حیات بھی شائع ہو چکی ہے، جس کا نام ’آئی ایم ملالہ‘ ہے۔ اس کے علاوہ ملالہ نے بچوں، خاص کر لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے ایک فنڈ بھی قائم کر رکھا ہے، جس کا مقصد عالمگیر سطح پر یہ کوششیں کرنا ہے کہ کسی بھی معاشرے میں بچوں کو تعلیم سے محروم نہ رکھا جائے۔
ملالہ یوسفزئی کا نام اس سال کے نوبل امن انعام کے لیے بھی تجویز کیا گیا تھا۔ ابھی گزشتہ ہفتے ہی اس نابالغ پاکستانی طالبہ کو یورپی یونین کا انسانی حقوق کا سخاروف انعام بھی دیا گیا تھا۔ ملالہ کو فرانس کے شہر سٹراسبُرگ میں قائم یورپی پارلیمان میں ہونے والی ایک تقریب میں یہ یورپی اعزاز خاص طور پر اس دن دیا گیا تھا، جس روز بچوں کا عالمی دن تھا۔