ملاڈچ کو کینسر ہے، وکیل
3 جون 2011بوسنیائی مسلمانوں کے قتلِ عام کے الزام میں گرفتار سابق بوسنیائی سرب آرمی چیف راتکو ملاڈچ آج جمعے کے روز دی ہیگ میں واقع انٹرنیشنل کرمنل کورٹ میں پیش ہوں گے۔ پیشی سے قبل جمعرات کو انہیں ہسپتال میں داخل کیا گیا۔ ملاڈچ کے وکیل کا کہنا ہے راتکو ملاڈچ کینسر کی بیماری کا شکار ہیں اور انہیں سن دو ہزار نو میں کینسر کے علاج کے لیے بلغراد کے ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
’میرے پاس میڈیکل ریکارڈز ہیں جو ثابت کرتے ہیں کہ ملاڈچ کو سن دوہزار نو میں لِمفوما کے علاج کے لیے بلغراد کے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا،‘ ملاڈچ کے وکیل کا بیان۔
دی ہیگ کی فوجداری عدالت کے وکیلِ استغاثہ کے مطابق ملاڈچ کے خلاف مقدمے کے باقاعدہ سماعت شروع ہونے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک پیچیدہ کیس ہے اور اس کے لیے خاصی تیّاری کرنی پڑے گی۔
جمعے کو انہتر سالہ ملاڈچ عدالت میں پیش ہو کر اپنا تعارف کروائیں گے اور جج کے بعض سوالات کا جواب دیں گے۔
ملاڈچ پر انیس سو بانوے سے انیس سو پچانوے تک جاری رہنے والی بوسنیا جنگ کے دوران جنگی جرائم کے ارتکاب اور نسل کشی میں ملوّث ہونے کے حوالے سے گیارہ الزامات ہیں۔ اس جنگ میں ایک لاکھ کے قریب افراد کو جان سے ہاتھ دھونے پڑے تھے۔ ملاڈچ پر آٹھ ہزار کے قریب بوسنیائی مسلمانوں کے قتل کا الزام ہے۔
ملاڈچ کے وکیل کی کوشش ہے کہ ملاڈچ کی بیماری کو بیناد بنا کر اپنے مؤکل کے لیے کسی قسم کی رعایت حاصل کی جاسکے۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: افسر اعوان