ممبئی زیر آب، پندرہ افراد ہلاک
بیس ملین نفوس پر مشتمل بھارتی شہر ممبئی میں گزشتہ دو روز سے مسلسل بارش جاری ہے۔ شدید بارشوں کے باعث ممبئی میں نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔
کم از کم پندرہ افراد ہلاک
بھارتی شہر ممبئی میں مون سون کی بارشوں کے باعث ایک دیوار گرنے سے کم از کم پندرہ افراد ہلاک ہو گئے۔ مقامی حکام کے مطابق دیوار گرنے سے تقریبا ستر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
مزید ہلاکتوں کا خدشہ
ممبئی کے دیگر علاقوں میں بارش کے باعث تین مزید افراد کی ہلاکتوں کی اطلاع ہے جبکہ خراب موسم کے باعث مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ہے۔
لوگوں سے گھروں پر رہنے کی اپیل
مقامی انتظامیہ نے عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں سے گھروں پر رہنے کی اپیل کی ہے۔ اسکولوں اور کالجوں کو بند رکھا گیا ہے جبکہ ایک سو سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
سب سے زیادہ بارش گزشتہ دو دنوں میں
ممبئی میں محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ ایک دہائی میں سب سے زیادہ بارش گزشتہ دو دنوں میں ریکارڈ کی گئی۔
عمارتوں میں پانی گھس گیا
ٹی وی چینلز پر دکھایا گیا کہ گاڑیاں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں اور عمارتوں میں پانی گھس گیا ہے۔
مون سون بارشیں ہر سال تباہی کا باعث
بھارت میں جون سے ستمبر کے دوران مون سون بارشیں ہر سال تباہی کا باعث بنتی ہیں۔ کئی عمارتیں اپنی کمزور بنیادوں کے باعث گر جاتی ہیں۔ کئی علاقے سیلابی پانی سے زیر آب آ جاتے ہیں۔