1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
جرائمجرمنی

منظم جرائم کے خلاف بین الاقوامی کارروائی

8 جون 2021

منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف ایک بین الاقوامی آپریشن میں سینکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ٹروجن شیلڈ نامی اس آپریشن میں انٹرنیٹ کے ذریعے ہونے والے رابطوں تک رسائی سے مدد لی گئی۔

https://p.dw.com/p/3ubL9
Niederlande Europol-Pressekonferenz zur organisierten Kriminalität
تصویر: Jerry Lampen/ANP/picture alliance

امریکی تفتیشی ایجنسی ایف بی آئی کی طرف سے انٹرنیٹ رابطوں کے لیے تیار کیے گئے خصوصی پلیٹ فارم کی مدد سے عالمی سطح پر فعال جرائم پیشہ گروپوں کے خلاف مختلف ملکوں میں گرفتاریاں کی گئی ہیں۔ اس آپریشن کو جرائم پیشہ گینگز کے خلاف ایک بے مثال دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

اس آپریشن کے تحت دنیا کے 18 مختلف ممالک میں کیے گئے آپریشن کے دوران 800 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ اسی دوران 32 ٹن مختلف منشیات، 250 ہتھیار، 55 لگژری کاریں اور 148 ملین ڈالر کیش قبضے میں لیا گیا ہے۔

یورپ، منظم جرائم میں اضافہ

کوورونا وبا میں بچوں کا آن لائن استحصال بڑھا ہے، یورو پول

یورپ میں خواتین کے قتل کے سب سے زیادہ واقعات فرانس میں کیوں؟

ہالینڈ کے دارالحکومت دی ہیگ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی تفتیشی ایجنسی ایف بی آئی کے کرمنل انویسٹیگیشن ڈویژن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کیلون شیورز اسی آپریشن کو جرائم کے خلاف تعاون کی ایک شاندار مثال قرار دیا۔

جرائم پیشہ گروہوں کو گھیرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال

جرائم پیشہ گروہوں کو گھیرنے کے سلسلے کی پہلی کڑی امریکی تفتیشی ایجسنی ایف بی آئی کی طرف سے ایک خصوصی ایپ کی تیاری تھی۔ یہ ایپ Encrochat اور Sky ECC نامی دو ایسے انٹرنیٹ پلیٹ فارمز کے خاتمے کے بعد تیار کی گئی جہاں ہونے والے رابطے محفوظ یا انکرپٹڈ ہوتے تھے۔ یہ پلیٹ فارم زیادہ تر جرائم پیشہ افراد اور گروہوں کے زیر استعمال تھے۔

ان پلیٹ فارمز کے خاتمے کے بعد ایسے افراد کے لیے ایف بی آئی نے ANOM نامی اپنا خصوصی انٹرنیٹ پلیٹ فارم تیار کرایا اور گزشتہ 18 ماہ کے دوران جدید اسمارٹ فونز پر انسٹال کر کے وہ فون ایسے افراد کے ذریعے 300 سے مختلف جرائم پیشہ گروپوں تک پہنچائے گئے جو بظاہر مشکوک نہیں تھے۔ یہ گروہ دنیا کے 100 مختلف ممالک میں سرگرم تھے۔

اس ایپ کے ذریعے حاصل ہونے والی معلومات کے تحت ہی ایف بی آئی نے انٹرپول اور انسداد جرائم کے یورپی اداروں کے ساتھ مل کر یہ آپریشن کیا۔

جرمنی میں کارروائی

منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف اسی بین الاقوامی کارروائی کے تحت جرمنی میں بھی آج منگل آٹھ جون کو 70 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ یہ بات جرمن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے بتائی گئی ہے۔

جرمنی میں انٹرنیٹ کے ذریعے کیے جانے والے جرائم کے انسداد کے محکمے (ZIT) کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ جرمنی میں اس کارروائی کا مرکز ملک کی مغربی ریاست ہیسے رہی جہاں 60 سے زائد لوگوں کو حراست میں لیا گیا۔

جرمنی میں ہونے والی زیادہ تر گرفتاریاں منشیات سے جڑے جرائم کے تحت ہوئیں۔ چند افراد کو منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے پر بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

اسی سلسلے میں جرمنی کے مختلف علاقوں میں کُل 150 رہائشی عمارتوں کی تلاشی لی گئی جن میں سے 130 صرف صوبہ ہیسے میں ہی ہیں۔ تلاش اور چھاپوں کے اس عمل میں ڈیڑھ ہزار پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔

ان چھاپوں کے دوران بڑی تعداد میں منشیات، اسلحہ، 30 لگژری کاریں اور ڈھائی لاکھ یورو کے قریب رقم قبضے میں لی گئی۔

 ا ب ا / ع ب (ایف پی، ڈی پی اے، اے ایف پی)