’منی لانڈرنگ کرنے والا نواز شریف واپس آرہا ہے‘
13 جولائی 2018مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنے والد کی ویڈیو شیئر کی۔ ویڈیو پیغام میں نواز شریف کہہ رہے ہیں،'' پاکستان ایک فیصلہ کن موڑ پر ہے، میں جو کچھ اپنے ملک کے لیے کر سکتا تھا میں نے کیا۔ مجھے معلوم ہے کہ مجھے دس سال کی سزا ہوئی ہے اور مجھے جیل خانے میں لے جایا جائے گا، میں پاکستانی قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں آپ کے لیے یہ سب کر رہا ہوں، یہ قربانی میں آپ کی نسلوں کے لیے دے رہا ہوں۔‘‘
مریم نواز کی یہ ٹوئٹ کئی ہزار مرتبہ سوشل میڈیا پر شیئر کی جا چکی ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز کے ساتھ سفر کرنے والے صحافی ثاقب تنویر نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا،’’ نواز شریف کے لیے سب سے بڑا چینلج لاہور پہنچنے پر ایک میڈیا ٹاک کرنا ہوگا ۔ یہ ان کے لیے مشکل ہوگا کیوں کہ پیمرا کے مطابق کسی بھی اس شخص کی میڈیا سے گفتگو نہیں چلائی جاسکتی جسے عدالت کی جانب سے سزا سنائی گئی ہے۔‘‘ تنویر کے مطابق اب نواز شریف اور مریم نواز کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ ایسا کون سا انوکھا طریقہ اپنائیں گے وہ اپنا پیغام پاکستانی عوام تک پہنچا سکیں۔
نواز اور مریم کی فلائٹ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پاکستانی وقت کے مطابق شام کے سوا چھ بجے پہنچے گی۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مختلف تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی جارہی ہیں جن میں کارکنان کا جذبہ دکھایا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ کی شدید مخالفت کرنے والی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ آج ملک میں مالی بدعنوانیاں کرنے والی شخصیات واپس لوٹ رہی ہیں۔ پی ٹی آئی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان میں لکھا گیا ہے،’’ شریف مافیا کی ہمدردیاں حاصل کرنے اور سکیورٹی صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش ناکام ہو جائے گی۔ قوم کو آج لندن سے آنے والے مفروروں کا انتظار ہے نہ کہ قومی رہنماؤں کا۔‘‘
پی ٹی آئی کی ایک اور ٹویٹ میں لکھا گیا ہے،’’ آج جمعے کا دن ہے، سارے پاکستان کے لیے مبارک دن۔ آج منی لانڈرنگ کرنے والا نواز شریف واپس آرہا ہے اور امید ہے کہ اسے گرفتار کیا جائے گا۔‘‘