منی پور میں ایک ماہ بعد بھی پرتشدد ہلاکتوں کا سلسلہ جاری
6 جون 2023بھارتی فوج نے منگل چھ جون کو ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا، ''سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے ایک گروپ کے درمیان پانچ اور چھ جون کے درمیان پوری رات رک رک کر فائرنگ ہوتی رہی۔ سکیورٹی فورسز نے حملے کا مؤثر طور پر جواب دیا۔ سرچ آپریشن جاری ہیں۔‘‘
بھارتی صوبے منی پورمیں تشدد جاری، مرکزی وزیر کے گھر پر حملہ
اس بیان میں مزید کہا گیا کہ فائرنگ کے اس واقعے میں نیم فوجی دستے بارڈر سکیورٹی فورسز کا ایک جوان ہلاک اور آسام رائفلز کے دو جوان زخمی ہو گئے۔
ادھر پولیس نے بتایا کہ پیر کے روز امپھال ضلع میں دو مسلح گروپوں کے درمیان تصادم میں بھی کم از کم تین افراد ہلاک اور چار دیگر زخمی ہو گئے۔
اب تک تقریباً سو افراد ہلاک
میانمار سے ملحق شمال مشرقی بھارتی صوبے منی پور میں تین مئی سے شروع ہونے والے پرتشدد واقعات میں ایک محتاط اندازے کے مطابق تقریباً سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ سینکڑوں دیگر زخمی اور ہزاروں افراد بے گھر بھی ہو چکے ہیں۔ اس دوران درجنوں گرجا گھروں کو جلا دیا گیا ہے جبکہ متعدد مندروں کو بھی آگ لگا دی گئی۔
مرکزی حکومت نے گزشتہ ماہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں تقریباً چالیس 'دہشت گردوں‘ کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔ تاہم متعدد حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ ہلاک شدگان دہشت گرد نہیں بلکہ مقامی قبائلی تھے۔
بھارت: منی پور میں درجنوں 'قبائلی عسکریت پسند' ہلاک
تشدد کا یہ سلسلہ تین مارچ کو ہائی کورٹ کی طرف سے اکثریتی میئتی ہندو کمیونٹی کو درج فہرست قبائل کا درجہ دینے کے فیصلے کے خلاف قبائلیوں کے احتجاجی مارچ کے بعد شروع ہوا تھا۔
کوکی قبائلیوں،جن میں اکثریت مسیحیوں کی ہے، کا کہنا ہے کہ میئتی کمیونٹی کو درج فہرست قبائل کا درجہ دینے سے وہ خود نہ صرف تعلیم اور روزگار میں مزید پیچھے رہ جائیں گے بلکہ ان کی زمینیں بھی چھن جانے خطرہ ہے۔
بھارت میں دیگر سماجی طبقات کے افراد قانونی طور پر قبائلیوں کی زمینیں نہیں خرید سکتے۔ اس کے علاوہ قبائلیوں کو تعلیم اور ملازمتوں میں خصوصی ریزرویشن بھی حاصل ہے۔
انٹرنیٹ اب بھی بند
تشدد کے مسلسل واقعات اور دونوں نسلی گروہوں کے درمیان جھڑپوں کے مدنظر منی پور حکومت نے انٹرنیٹ پر پابندی میں 10جون تک کی توسیع کر دی ہے۔
اس تشدد کے دوران متعدد مقامات پر سکیورٹی فورسز اور پولیس کے ہتھیاروں کو لوٹ لینے کے واقعات بھی پیش آئے۔ انتظامیہ کا تاہم کہنا ہے کہ لوٹے گئے بیشتر ہتھیار برآمد کر لیے گئے ہیں۔
گزشتہ دنوں بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے منی پور کا دورہ کر کے صورت حال کا جائزہ لیا تھا۔ انہوں نے تشدد میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی وارننگ بھی دی تھی۔
مرکزی حکومت نے ان واقعات کی انکوائری کے لیے ایک عدالتی کمیشن کے قیام کا اعلان بھی کیا ہے۔
اس دوران امیت شاہ نے ایک ٹویٹ کر کے لوگوں سے امن اور خیر سگالی کی فضا برقرار رکھنے کی اپیل بھی کی تھی۔
تاہم متعدد رہنماؤں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ کیا وزیر داخلہ کو یہ علم نہیں کہ جن لوگوں کے لیے وہ ٹویٹ کر رہے ہیں، ان کے لیے انٹرنیٹ ہی بند کیا جا چکا ہے۔
بھارتی ریاست منی پور میں نسلی بدامنی، ہلاکتیں پچاس سے زائد
رکن پارلیمان اسد الدین اویسی نے امیت شاہ کی ٹویٹ کے جواب میں ایک ٹویٹ میں لکھا، ''منی پور کے لوگوں کے پاس انٹرنیٹ نہیں ہے۔ اس لیے وہ آپ کی ٹویٹ نہیں پڑھ سکیں گے۔ امیت شاہ کی یہ ٹویٹ ان کی حکومت کی ناکام قیادت کی علامت ہے، جو تمام محاذوں پر ناکام ہو چکی ہے۔‘‘