1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’مودی کو پہلی شکست‘، نئی دہلی انتخابات میں کیجریوال کو سبقت

عدنان اسحاق7 فروری 2015

ابتدائی اطلاعات کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے ریاستی انتخابات عام آدمی پارٹی نے جیت لیے ہیں۔ گزشتہ برس پارلیمانی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے کے بعد بی جے پی کی کسی الیکشن میں یہ پہلی ناکامی ہے۔

https://p.dw.com/p/1EXkX
تصویر: picture alliance/Anil Shakya

بھارتی وزیراعظم نرینندر مودی کو برسر اقتدار آنے کے بعد پہلی مرتبہ کسی ریاستی انتخابات میں شکست کا سامنا ہے۔ ووٹنگ ختم ہونے کے بعد سامنے آنے والے اندازوں کے مطابق نئی دہلی کی زیادہ تر نشستوں پر عام آدمی پارٹی کو برتری حاصل ہے۔ اطلاعات ہیں کہ اروند کیجریوال کی جماعت ستر میں 38 نشستیں حاصل کر لے گی۔ بعد از انتخابات جاری کیے جانے والے پانچ جائزوں کے مطابق نئی دہلی کے سابق وزیراعلی کیجریوال بہت آسانی سے ہندو قوم پرست جماعت بےجے پی پر سبقت لے جائیں گے۔ ان میں چار سے جائزوں میں کہا گیا ہے کہ کیجریوال واضح اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

عام آدمی پارٹی کے سربراہ کیجریوال اس سے قبل 49 دن تک نئی دہلی کے وزیراعلی کے عہدے پر فائز رہے تھے، جس کے بعد انہوں نے استعفی دے دیا تھا۔ گزشتہ برس کے عام انتخابات میں یہ جماعت صرف چار نشستیں ہی حاصل کر سکی تھی۔ عام آدمی پارٹی کی اس کارکردگی کو دیکھتے ہوئے متعدد سیاسی ماہرین نے پیشنگوئی کی تھی کہ یہ جماعت کامیاب نہیں ہو سکے گی۔ ووٹ ڈالتے وقت اروند کیجریوال نے کہا، ’’ لوگ بدعنوانی اور رشوت سے پاک دہلی چاہتے ہیں اور مجھے بھروسہ ہے کہ وہ اسی مقصد کو مد نظر رکھتے ہوئے ووٹ دیں گے۔‘‘

Indien Wahlen Arvind Kejriwal
لوگ بدعنوانی اور رشوت سے پاک دہلی چاہتے ہیں، کیجریوالتصویر: picture alliance/landov

بی جے پی کی امیدوار کرن بیدی نے فوری طور پر تولیہ رنگ میں پھینکنے سے انکار کرتے ہوئے کہا، ’’ہمیں دس فروری تک انتظار کرنا چاہیے اور مجھے یقین ہے کہ سچائی کی فتح ہو گی اور ایگزٹ پول کے اندازے غلط ثابت ہوں گے۔‘‘

کیجری وال نے اپنی انتخابی مہم میں مہنگائی کو کم کرنے اور مفت انٹرنیٹ مہیا کرنے کے وعدے کیے ہیں۔ کیجریوال نے گزشتہ برس وزیراعلٰی ہوتے ہوئے بھی متعدد سرکاری دفاتر کے باہر مظاہروں کی قیادت کی تھی۔ وہ خود کو ایک ’انارکسٹ‘ بھی کہتے ہیں۔ نئی دہلی میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 13 ملین ہے اور پولنگ مقامی وقت کے مطابق چھ بجے پولنگ ختم ہوئی۔ ریاستی انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان منگل کو کیا جائے گا۔