'مولانا کلیم صدیقی کی گرفتاری بھارتی آئین کی پامالی ہے‘
23 ستمبر 2021اترپردیش کی یوگی ادیتیہ ناتھ حکومت کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) کے ذریعہ عالمی شہرت یافتہ بھارتی مبلغ مولانا کلیم صدیقی کو گرفتار کیے جانے پر بھارت میں بیشتر مسلم تنظیموں نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ تاہم ان کی گرفتاری پر سیکولر سیاسی جماعتوں کی جانب سے مکمل خاموشی پر سوالات بھی اٹھائے جارہے ہیں۔
مولانا کلیم صدیقی کومنگل 21 ستمبر کی رات کواترپردیش کے شہر میرٹھ سے اپنے گاوں پھلت جاتے ہوئے یوپی پولیس نے تبدیلی مذہب مخالف قانون کے تحت گرفتار کرلیا تھا۔بعد میں ایک عدالت نے انہیں 14دنوں کے لیے پولیس تحویل میں دے دیا۔ اسی قانون کے تحت گزشتہ جون میں بھارتی مبلغ عمر گوتم اور ان کے ایک ساتھی مفتی جہانگیر قاسمی کو بھی گرفتار کیاگیا تھا، وہ اب بھی جیل میں ہیں۔
مسلمانوں کی جانب سے سخت ردعمل
مولانا کلیم صدیقی کی گرفتاری پر مسلم تنظیموں نے سخت ردعمل کااظہار کرتے ہوئے اسے بھارتی آئین اور قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
بھارتی مسلمانوں کی مذہبی اور سماجی تنظیموں کے وفاق آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر نوید حامد نے ڈی ڈبلیو اردو کے ساتھ با ت چیت کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش کی یوگی حکومت نے مولانا کلیم صدیقی کو گرفتار کرکے ایک ساتھ کئی پیغامات دیے ہیں: ”ایک پیغام تو یہ ہے کہ بھارتی آئین نے شہریوں کو آزادی، مذہب کو ماننے اور اس کی تبلیغ و اشاعت کی خواہ جتنی بھی اجازت دے رکھی ہو، موجودہ حکومت کے فیک ایجنڈے کے تحت کم از کم مسلمانوں کو تو اس کی اجازت نہیں ہے۔" انہوں نے کہا کہ دراصل ”بھارتی آئین کو بری طرح سے پامال کیا جارہا ہے۔"
نوید حامد کا کہنا تھا کہ دوسرا پیغام ہے: ”آپ کی خواہ ہندوتوا کی مربی تنظیم آر ایس ایس کے سربراہ کے ساتھ ہی رسم و راہ کیوں نہ ہواس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ آپ کو بھارتی دستور کے تحت حاصل حقوق مل بھی جائیں گے۔ تیسرا اور سب سے اہم پیغام یہ ہے کہ بی جے پی اترپردیش میں ہونے والے آئندہ اسمبلی انتخابات ہر حال میں جیتنا چاہتی ہے۔‘‘
نوید حامد کا مزید کہنا تھا، ”یہ دنیا کی واحد حکومت ہے جو اکثریتی طبقے کے اندر اقلیت کے تعلق سے خوف و ہراس پیدا کرکے اقتدار میں رہنا چاہتی ہے۔وہ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے مسلمانوں کے خلاف ہر طرح کا زہریلا پروپیگنڈا کرسکتی ہے تاکہ برادران وطن میں خوف و ہراس پیدا ہو۔"
طلبہ تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا نے بھی مولانا کلیم صدیقی کی گرفتاری کو یوپی انتخابات سے قبل فرقہ وارانہ منافرت کو ہوا دینے کی کوشش قرا ردیا۔متعدد مسلم سیاسی رہنماؤں نے بھی مولانا کلیم صدیقی کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔
دہلی اقلیتی کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر ظفر الاسلام خان نے مولانا صدیقی کی گرفتاری کو سیاسی داؤ پیچ قراردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے آئین کے مطابق تمام لوگوں کو اپنے مذہب پر عمل پیرا ہونے اور اس کی تعلیمات کو عام کرنے کا حق ہے اور مولانا پر تبدیلی مذہب کے جو الزامات لگائے گئے ہیں وہ سراسر غلط ہیں۔
مولانا کلیم صدیقی پر کیا الزامات ہیں؟
اترپردیش کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس (امن و قانون) پرشانت کمار نے دعویٰ کیا کہ مولانا صدیقی کا بھارت کے سب سے بڑے ”غیر قانونی" تبدیلی مذہب کے ریکٹ سے براہ راست تعلق ہے۔
پرشانت کمار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، ”تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مولانا کلیم صدیقی تعلیمی اور سماجی تنظیموں کی آڑ میں پورے ملک میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی تبدیلی مذہب کی سرگرمیو ں میں ملوث تھے اور انہیں بیرونی ملکوں سے مالی امداد مل رہے تھے۔"
مولانا صدیقی جامعہ امام ولی اللہ کے نام سے ایک ٹرسٹ چلاتے ہیں جس کا مقصد سماجی ہم آہنگی پیدا کرنا اور مذہب تبدیل کر کے مسلمان ہونے والوں کو ایک ساتھ جوڑنا ہے۔
اے ٹی ایس نے اپنے ایک بیان میں کہا، ”مولانا صدیقی اتحاد انسانیت کا پیغام دینے کی آڑ میں جنت اور جہنم کا ذکر کر کے لوگو ں کے ذہنوں میں خوف اور لالچ پیدا کرتے تھے اور انہیں اسلام قبول کرنے کے لیے آمادہ کرتے تھے اور جو لوگ مسلمان ہوجاتے تھے انہیں دیگر لوگوں کا مذہب تبدیل کرانے پر زور دیتے تھے۔"
اے ٹی ایس کے انسپکٹر جنرل جی کے گوسوامی کا کہنا تھا کہ مولانا کلیم صدیقی اپنی کتابوں کے ذریعہ، جو آن لائن اور آف لائن دستیاب ہیں، لوگوں کو مذہب اسلام کی طرف مائل کرتے تھے اور لوگوں کوبتاتے تھے، ”اگر دنیا میں شریعت کے مطابق نظام قائم ہوجائے تو ہر ایک کو انصاف مل جائے گا۔"انہوں نے بتایا کہ مولانا کلیم صدیقی کی تقریروں کی درجنوں ویڈیو یو ٹیوب چینل پر بھی موجود ہیں اوران کے ایک لاکھ سے زائد سبسکرائبرز ہیں۔
مولانا کلیم صدیقی کون ہیں؟
مولانا کلیم صدیقی عالمی شہرت یافتہ بھارتی مبلغ ہیں۔ 68 سالہ کلیم صدیقی گلوبل پیس سینٹر اور جامعہ امام ولی اللہ ٹرسٹ کے صدر بھی ہیں۔
وہ بنیادی طورپر سائنس کے طالب علم رہے ہیں۔ انہوں نے بھارت میں میڈیکل کالجوں کے لیے داخلہ جاتی امتحان میں 75واں رینک حاصل کیا تھا لیکن طب میں اپنا کیریئر بنانے کے بجائے دعوت و تبلیغ کو اپنا میدان کار بنایا۔ بھارت اور بیرون ملک میں ان کے لاکھوں عقیدت مند ہیں۔
مولانا کلیم صدیقی نے سات ستمبر کوممبئی میں آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کی صدارت میں منعقد ایک کانفرنس میں شرکت بھی کی تھی۔ اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھاگوت کے چچا زاد بھائی اننت بھاگوت نے خود مولانا کے گھر جاکر دی تھی۔آر ایس ایس کے سربراہ نے مولانا کلیم صدیقی سے اس موقع پر سماجی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال بھی کیا تھا۔
حالانکہ مسلمانوں کے بعض حلقوں نے مولانا کلیم صدیقی کی موہن بھاگوت کے ساتھ ملاقات پر اعتراضا ت کیے تھے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کی مربی تنظیم آر ایس ایس کے سربراہ کے ساتھ قربت بھی اس بات کی ضمانت نہیں کہ آپ کے دستوری حق محفوظ رہیں گے۔
جبراً تبدیلی مذہب کی ایک بھی شکایت نہیں
یہ بات قابل ذکر ہے کہ جن مبلغین کو اب تک گرفتار کیا گیا ہے ان کے خلاف کسی بھی شخص نے جبراً تبدیلی مذہب کا الزام نہیں لگایا ہے۔ حالانکہ بعض کیسز میں مذہب تبدیل کرنے والے شخص کے رشتہ داروں نے شکایت ضرور کی ہے تاہم ماہرین قانون کے مطابق ان کی شکایتیں عدالتوں میں قابل قبول نہیں ہیں۔ عدالت تبدیل مذہب کرنے والے شخص کے بیان کو ہی اہمیت دیتی ہے۔
اس سال جون میں تبدیل مذہب کرنے والی ایک خاتون نے دہلی ہائی کورٹ سے کہا تھا کہ اسے ایک صحافی اور بعض لوگوں کی جانب سے دھمکی مل رہی ہے کہ اگر اس نے تبدیلی مذہب کے سلسلے میں چھوٹا بیان نہیں دیا تو اس کے خلاف پولیس کارروائی کی جائے گی۔
دریں اثنا بھارتی وزارت داخلہ نے آر ٹی آئی کے تحت پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ ہندوازم کو کسی طرح کا خطرہ لاحق نہیں ہے۔ مونیش جبل پوری نامی شخص نے وزارت داخلہ سے ثبوتوں کے ساتھ یہ جاننا چاہا تھا کہ آیا ”ملک میں ہندو دھرم کو کوئی خطرہ لاحق ہے"۔ وزارت داخلہ نے اس کے جواب میں بتایا کہ اس کے پاس ایسا کوئی ثبوت نہیں ہے جس کی بنیاد پر یہ کہا جاسکے کہ بھارت میں ہندو دھرم کو کوئی خطرہ لاحق ہے۔
جاوید اختر