1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مونٹی کارلو ٹینس ٹورنامنٹ رافائل نادال کے نام

20 اپریل 2009

عالمی نمبر ایک ٹینس سٹار رافائل نادال مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں عالمی نمبر تین سرب کھلاڑی نوواک ڈوکووچ کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Habq
عالمی نمبر ایک رافائل نادال میچ میں بھرپور فارم میں نظر آئےتصویر: AP

رافائل نادال نے ایونٹ کے فائنل میں نوواک ڈوکووچ کو 2-6, 6-3 اور 6-1 سے شکست دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی رافائل نادال نے عالمی نمبر دو راجر فیڈرر کے 14 مرتبہ ماسٹرز ٹائٹل جیتنے کے اعزاز کو برابر کر دیا ہے۔ اب صرف سابق ٹینس سٹار آندرے آگاسی ہی 17 فتوحات کے ساتھ ان سے آگے ہیں۔

مسلسل پانچویں بار مونٹی کارلو جیتنے والے 22 سالہ ہسپانوی کھلاڑی رافائل نادال نے فتح کے بعد اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ مونٹی کارلو ہمیشہ سے ہی ان کی نظر میں ایک خصوصی اہمیت کا حامل ٹورنامنٹ رہا ہے اور وہ ہمیشہ اس ایونٹ میں جیتنا چاہتے ہیں۔

’’ اگر کوئی مجھ سے کہے کہ ماسٹرز سیریز کا آغاز میں کس ماسٹر ٹائٹل سے کرنا چاہوں گا تو میں ہمیشہ مونٹی کارلو کو ہی چنوں گا۔‘‘

Tennisspieler Novak Djokovic Serbien
دوسرے سیٹ میں نوواک ڈوکووچ نے بازی برابر کردی تھیتصویر: AP

نوواک ڈوکووچ نے میچ کے بعد کہا کہ ان کے لئے یہ میچ یادگار رہے گا۔

’’ میں نے بہت اچھا کھیلا، بلکہ یہ کہنا مناسب ہو گا کہ آج تک نادال سے ہونے والے مقابلوں میں اس میچ میں میرا کھیل سب سے اچھا تھا۔ مگر بدقسمتی سے کچھ لمحے ایسے تھے جب میں نے جو شاٹ کھیلنا چاہا ویسا نہیں کھیلا گیا۔‘‘

نادال کے خلاف کھیلے گئے پچھلے پندرہ میچوں میں صرف چار میں فتح حاصل کرنے والے نوواک ڈوکووچ فائنل میں کچھ دباؤ کا شکار دکھائی دئیے۔ نوواک ڈوکووچ پہلا سیٹ ہارنے کے بعد دوسرے سیٹ میں قدرے بہت عمدہ کھیل پیش کر نے میں کامیاب رہے تاہم تیسرے سیٹ میں نادال پوری طرح چھائے رہے۔