مِس یونیورس:کسی کا تاج کسی کے سر پر
21 دسمبر 2015رواں برس کے لیے مِس یونیورس کے انتخاب کا مقابلہ امریکی شہر لاس ویگاس میں منعقد ہوا۔ اِس کے میزبان اسٹیو ہاروی تھے۔ مقابلہٴ حسن کے تمام مراحل کی تکمیل کے بعد، نتائج کا اعلان کرتے ہوئے اسٹیو ہاروی نے انجانے میں اکیس سالہ مس کولمبیا کو مِس یونیورس قرار دے دیا۔ اُن کے سر پر ملکہٴ حسن کا تاج رکھ دیا گیا۔ تاجپوشی کی تقریب کے بعد اسٹیو ہاروی نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معذرت کی اور کہا کہ چونسٹھویں مقابلہٴ حسن کی فاتح اصل میں مس فلپائن ہیں۔
مقابلہٴ حسن براہ راست فوکس ٹیلی وژن پر نشر کیا جا رہا تھا۔ غلط اعلان کے بعد ہال میں موجود شائقین میں حیرانی چھا گئی۔ چند لمحوں کی ملکہٴ حسن مس کولمبیا اریاڈنا گوٹیرس اریوالو کے سر سے مس یونیورس کا تاج فلپائن کی حسینہ پیا الونزو ورٹس باخ کے سر پر سجا دیا گیا۔ پیا الونزو پہلے اعلان کے مطابق فرسٹ رنر اپ تھیں۔ وہ جرمن شہر اشٹٹ گارٹ میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کی عمر چھبیس برس اور وہ ماڈلنگ کے علاوہ اداکاری کے شعبے سے وابستہ ہیں۔
کولمبیا کی حسینہ اریاڈنا گوٹیرس اریوالو کے سر پر تاج سن 2014 کی ملکہٴ حسن پالینا ویگا نے رکھ دیا تھا۔ ویگا کا تعلق بھی کولمبیا سے ہے۔ اسٹیو ہاروی کی جانب سے غلطی کے اعتراف اور درست وِنر کے اعلان پر گزشتہ برس کی ملکہٴ حسن نے اپنے ہم وطن کے سر سے تاج اٹھا کر فلپائن کی حسینہ کے سر پر رکھا۔ نئی ترتیب کے مطابق کولمبیا کی حسینہ کو مس یونیورس مقابلے کی پہلی رنر اپ قرار دیا گیا اور سیکنڈ رنر اپ امریکی شہر تلسا کی اولیویا جورڈن ٹھہری۔
اسٹیو ہاروی نے مس کولمبیا اریاڈنا گوٹیرس اریوالو سے معذرت کے ساتھ ساتھ فلپائنی حسینہ سے بھی معافی طلب کی۔ بعد میں ٹویٹر پر انہوں نے اِس غلطی کو انتہائی بھیانک قرار دیا۔ اس مناسبت سے امریکی حسینہ اولیویا جورڈن کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی غیر روایتی تاج پوشی تھی۔ گزشتہ چالیس برسوں میں پیا الونزو ورٹس باخ پہلی فلپائنی خاتون ہیں جنہیں مس یونیورس کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ تیرہ دسمبر کے پیرس حملوں کے ایک مقام پیرس اسٹیڈیم میں موجود فرانسیسی حسینہ فلورا کوکیرل بھی مس یونیورس کے مقابلے میں شریک تھیں اور وہ آخری پانچ حسیناؤں میں شامل ہونے میں کامیاب رہیں۔ گزشتہ رات کے مس یونیورسی کے مقابلے میں ہال میں موجود شائقین کو بھی مختلف کیٹگری میں ووٹ ڈالنے کا اعزاز دیا گیا۔