مکيش امبانی بھارت ميں ريٹيل نيٹ ورک ايميزون کے مد مقابل
3 جنوری 2020مکیش امبانی ریلائنس انڈسٹریز نامی بڑے کاروباری و صنعتی گروپ کے مالک ہیں۔ اس میں دو اہم ترین شعبے ریلائنس ریٹل اور ریلائنس جیو قائم کیے جا چکے ہیں۔ اب لوگوں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ ریلائنس کے گروسری اسٹور جیومارٹ کے رکن بن کر ضروریات زندگی کو گھر بیٹھے حاصل کر سکیں گے۔
جیو مارٹ کو ابھی تجرباتی بنیاد پر شروع کیا گیا ہے اور اس کی پذیرائی و کامیابی پر ہی اس میں وسعت پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ اسے مستقل بنیاد پر مستحکم کیا جائے گا۔ اس وقت جیو مارٹ کی سہولت بھارت کے مالیاتی مرکز کہلانے والے شہر ممبئی کے تین علاقوں میں ميسر ہے۔ ان تین مقامات پر کامیابی کے بعد ہی ممبئی میں جیو مارٹ کا نیٹ ورک بڑھایا جائے گا۔
یہ امر اہم ہے کہ جیو مارٹ براہ راست ضروریات زندگی کی سپلائی نہیں کرے گا بلکہ یہ مختلف دکانوں اور مارکیٹوں کے ساتھ صارفین کے رابطے استوار کرنے کا ذریعہ ہو گا۔ ریلائنس کی اس سہولت سے عام صارفین گھریلو ضرورت کے سامان کی آسانی سے آن لائن خریداری کر سکیں گے۔
ریلائنس ریٹیل کا شعبہ سن 2006 میں قائم کیا گیا تھا۔ پرچون اشیاء کی فروخت کا اب یہ سب سے بڑا ادارہ بن چکا ہے اور ریلائنس کاروباری گروپ کے لیے بے بہا سرمايہ پیدا کرنے کا ذریعہ بھی۔ ریلائنس ریٹیل کے ہزاروں بڑے بڑے اسٹور سارے بھارت میں ہیں اور لاکھوں خریداروں کی ضروریات پوری ہوتی ہيں۔
ریلائنس جیو اس وقت بھارت کا دوسرا بڑا ٹیلی کام نیٹ ورک ہے۔ اس کے صارفین کی تعداد تین سو ساٹھ ملین ہے۔ اس کا قیام سن 2016 میں ہوا تھا۔ ریلائنس جیو نے بھارتی مواصلاتی سیکٹر میں سب سے سستی ڈیٹا کی فری ترسیل اور وائس کال کا نظام متعارف کرا رکھا ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ ای کامرس میں ریلائنس کو ایمیزون اور فلپ کارٹ کے مقابلے کا سامنا ضرور ہے لیکن بہتر سہولیات پر یہ آگے بڑھ سکتا ہے۔ ایک اور شعبہ ریلائنس ایکو سسٹم بھی قائم کیا جا رہا ہے، جس ميں عام ضروریات کے سامان کے ساتھ ساتھ تفریحی و کسرتی کھلونے، آلات اور تعلیمی مواد کی فراہمی بھی شامل ہے۔
مکیش امبانی کی دولت کا حجم ساٹھ بلین امریکی ڈالر سے زائد ہے۔ وہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں بارہویں مقام پر ہیں۔ اُن کے ادارے ریلائنس کا بنیادی کام آئل ریفائننگ ہے۔ اب یہ ٹیلی کام اور دوسرے کاروباری شعبوں میں اپنی حیثیت منوانے کی کوشش میں ہیں۔
سری نواس مزمدارو (ع ح ⁄ ع س)