1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مکی آرتھر نئے پاکستانی کوچ مقرر

طارق سعید، لاہور6 مئی 2016

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے مکی آرتھر کو قومی کرکٹ ٹیم کا نیا کوچ مقرر کیا ہے۔ وہ پاکستان ٹیم کے پانچویں غیرملکی کوچ ہوں گے۔ مکی آرتھر نے حال ہی میں مستعفی ہونے والے وقار یونس کی جگہ لی ہے۔

https://p.dw.com/p/1IjKj
Pakistan Mickey Arthur
تصویر: Getty images/AFP/S. Khan

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے آج چھ مئی بروز جمعہ لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ مکی آرتھر رواں ماہ کے آخر میں پاکستان ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔ پی سی بی کے ترجمان کے مطابق مکی آرتھر کا انتخاب پی سی بی نے دو سابق کپتانوں وسیم اکرم اور رمیزراجہ کی سفارشات پر کیا ہے۔

رمیز اور وسیم پر مشتمل پینل نے مکی آرتھر کے علاوہ اسٹیورٹ لاء، اینڈی مول اور ڈین جونز کے نام کوچنگ کے لیے پیش کیے تھے تاہم اسٹیورٹ لاء اپنے آبائی ملک آسٹریلیا کی ٹیم کے حال میں بیٹنگ کوچ بننے کے بعد فوری طور پر دستیاب نہیں تھے۔ انگلینڈ کے اینڈی مول اور آسٹریلوی ڈین جونز کے بارے میں پاکستان کے بعض سابق ٹیسٹ کرکٹرز کے تحفظات تھے جس کے بعد پی سی بی نے مکی آرتھر کا انتخاب کیا۔ مقامی کوچز میں سابق پاکستانی کرکٹرز محمد اکرم اور منظورالٰہی بھی امیدوار تھے۔

سینتالیس سالہ مکی آرتھر نے کبھی انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلی لیکن انہیں جنوبی افریقہ میں ایک سو دس فرسٹ کلاس میچز کھیلنے کا تجربہ حاصل ہے اور وہ ’لیول فور کوالی فائیڈ کوچ‘ ہیں۔

آرتھر ماضی میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کی کوچنگ کر چکے ہیں۔ وہ رواں برس پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کے کوچ تھے لیکن ٹیم پلے آف میں ہار گئی۔ ان کے دور میں جنوبی افریقہ کی ٹیم دنیا کی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم بنی اور اس نے مسلسل تیرہ ایک روزہ میچ جیت کر آسٹریلیا کا عالمی ریکارڈ برابر کیا۔

تاہم دو ہزارہ گیارہ میں آسٹریلوی ٹیم کا کوچ بن کر وہ متنازعہ بن گئے۔ آرتھر کے شین واٹسن اور دیگر آسٹریلوی کرکٹرز کے ساتھ تنازعات کے بعد انہیں دو ہزار گیارہ کی ایشیز میں برطرف کر دیا گیا تھا۔

Pakistan Cricket Abdurehman
مکی آرتھر کو حال ہی میں مستعفی ہونے والے وقار یونس کی جگہ قومی ٹیم کا کوچ بنایا گیا ہےتصویر: DW/T. Saeed

جون کے آخری ہفتے میں شروع ہونے والا پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ مکی آرتھر کی پہلی کوچنگ اسائنمنٹ ہوگا۔ وہ رچرڈز پائی بس، باب وولمر، جیف لاسن اور ڈیو واٹمور کے بعد پاکستان ٹیم کے پانچویں غیر ملکی کوچ ہوں گے۔

مکی آرتھر ایک ایسے وقت پر پاکستان ٹیم کی کوچنگ سنبھال رہے ہیں جب ٹیم کی ون ڈے رینکنگ نو ہو چکی ہے اور اسے رواں برس انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مشکل دوروں پر جانا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کی حالیہ ناکامیوں کے بعد انضمام الحق کو نیا چیف سلیکٹر اور سرفراز احمد کو ٹی ٹونٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید