1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میتھیو طوفان بھوت ہے، گورنر فلوریڈا رک اسکاٹ

عابد حسین
7 اکتوبر 2016

طاقتور سمندری طوفان امریکی ریاست فلوریڈا کی جنوب مشرقی ساحلی پٹی سے جمعے کی علی الصبح ٹکرا گیا ہے۔ اِس طوفان سے جنوبی کیرولینا اورجارجیا کے ساحلی علاقوں کو بھی خطرات لاحق ہیں۔

https://p.dw.com/p/2R06n
USA Florida Hurricane Matthew
تصویر: Getty Images/J. Raedle

فلوریڈا کی مشرقی ساحلی پٹی میتھیو نامی سمندری طوفان کی تیز رفتار ہواؤں کی لپیٹ میں ہے۔ بلند لہریں بھی ساحل سے ٹکرا رہی ہیں۔ ابتدائی جھکڑوں سے دو لاکھ چالیس ہزار مکانات کی بجلی منقطع ہو گئی ہے۔ تیز ہوا کے جھکڑ 125 میل فی گھنٹہ یا تقریباً 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہے ہیں۔ سمندری لہروں کی بلندی نو فٹ سے زائد تک جانے کا امکان ہے۔ شدید بارشوں سے سیلاب اور نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

 فلوریڈا کے گورنر  رِک اسکاٹ نے میتھیو طوفان کو ایک ’خوفناک بھوت‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ہر انسان کی سلامتی کے لیے دعاگو ہیں۔  ریاستی گورنر اسکاٹ نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ محفوظ علاقے میں رہیں کیونکہ یہ طوفان اُن کے لیے موت کا سبب بن سکتا ہے۔

USA Florida Hurricane Matthew in Miami Beach
تیز رفتار ہوا سے کئی بجلی کھمبے گر گئے ہیںتصویر: Reuters/J. Galeano

ماہرین کے مطابق فلوریڈا کی 965 کلومیٹر کی ساحلی پٹی سمندری طوفان کے راستے پر ہے۔ پندرہ لاکھ سے زائد افراد کو طوفان کے راستے سے دور جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ یہی طوفان ہیٹی میں تین سو سے زائد ہلاکتوں کی وجہ بن چکا ہے۔

یہ طوفان ویک اینڈ پر جنوبی کیرولینا اور جارجیا کی ریاستوں کے ساحلی علاقوں میں داخل ہو جائے گا اور بڑے نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔ جارجیا میں پانچ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ امریکا کے طوفانوں پر نگاہ رکھنے والے مرکز نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جنوبی کیرولینا کے بعد یہ طوفان چکر لگاتا ہوا ایک مرتبہ پھر فلوریڈا کی ساحلی علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

USA Florida Prepares As Hurricane Matthew Barrels Towards Atlantic Coast
طوفان کی آمد سے قبل شوقین لوگ سمندری لہروں کی تصاویر بناتے رہےتصویر: Getty Images/J. Raedle

میتھیو طوفان کے راستے میں آنے والے کئی ہوائی اڈوں پر  فضائی سروس کو معطل کر دیا گیا ہے۔ جمعرات اور جمعے کے لیے شیڈول تین ہزار پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح میامی اور نیویارک کے درمیان ٹرین سروس کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ مسافر بردار بحری جہازوں کو بھی کھلے سمندر سے دور اور محفوظ ساحلی علاقے میں لنگرانداز ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سن 1898 کے بعد یہ پہلا طوفان ہے جو اتنے بڑے علاقے میں شدید بارشوں اور انتہائی تیز رفتار جھکڑوں سے تباہی پھیلا سکتا ہے۔ امریکی صدر اوباما نے فلوریڈا، جارجیا اور جنوبی کیرولینا کی ریاستوں کے متاثرہ علاقوں کے لیے خصوصی وفاقی امداد کا یقین دلایا ہے۔