1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’میرکل مہاجرین کو یورپ لائیں، خمیازہ بھی جرمنی ہی بھگتے‘

شمشیر حیدر Reuters
21 مئی 2017

پولینڈ کی حکمران جماعت کے سربراہ یاروسلاو کاچنسکی نے یورپی یونین میں مہاجرین کی تقسیم کے منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر یورپ میں مہاجرین کے بحران کا الزام جرمن چانسلر انگیلا میرکل پر عائد کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2dKYb
Berlin LaGeSo Schlang Flüchtlinge
تصویر: picture-alliance/dpa/K. Nietfeld

پولینڈ میں برسر اقتدار کنزرویٹیو سیاسی جماعت لاء اینڈ جسٹس پارٹی (پی آئی ایس) کے سربراہ اور سابق ملکی وزیر اعظم یاروسلاو کاچنسکی نے یورپی یونین میں مہاجرین کی منصفانہ تقسیم کے منصوبے کی مخالفت کی ہے۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق کاچنسکی نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو یورپ میں مہاجرین کے بحران کا ذمہ دار بھی قرار دیا ہے۔

یونان میں چند پیسوں کی خاطر جسم بیچتے پاکستانی مہاجر بچے

دائیں بازو کے سیاست دان کاچنسکی اس سے قبل بھی مہاجرین کے بارے میں متنازعہ بیانات دیتے رہے ہیں۔ گزشتہ برس انہوں نے مہاجرین پر یورپ میں بیماریاں پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا، ’’ابھی سے یورپ میں ایسی خطرناک بیماریوں کے پھوٹنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جو ایک طویل عرصے سے یہاں نہیں دیکھی گئی تھیں۔‘‘

پولینڈ کے عوامی نشریاتی ادارے ٹی وی پی کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے یورپ میں مہاجرین کے بحران کا ذمہ دار چانسلر میرکل کو قرار دیا۔ کاچنسکی کا کہنا تھا، ’’ہم نے تو یورپ کے دروازے مہاجرین کے لیے نہیں کھولے، بلکہ یہ کام میرکل نے کیا ہے۔ اور اسی لیے اس بحران کا خمیازہ بھی چانسلر میرکل اور جرمنی کو ہی بھگتنا ہو گا، نہ کہ پولینڈ کو۔‘‘

یورپی یونین میں مہاجرین کی منصفانہ تقسیم کا منصوبہ سن 2015 میں طے کیا گیا تھا جس کے تحت شام اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک سے پناہ کی تلاش میں یورپ پہنچنے والے ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد مہاجرین کو یونین کے رکن ممالک میں تقسیم کیا جانا تھا۔

ہنگری، پولینڈ اور مشرقی یورپ کے چند دیگر ممالک مہاجرین کی تقسیم کا منصوبہ قبول کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔

یورپی کمیشن آئندہ مہینے اس معاملے پر ایک اجلاس منعقد کر رہا ہے جس میں مہاجرین اور تارکین وطن کی تقسیم قبول نہ کرنے والے ممالک کے خلاف ممکنہ طور پر قانونی کارروائی یا انہیں سزا دیے جانے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ ان ممالک میں پولینڈ اور ہنگری بھی شامل ہیں۔

قانونی کارروائی کی دھمکی کے باوجود پولینڈ نے تاہم جمعرات کے روز مہاجرین کی تقسیم کا منصوبہ قبول نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

’یورپ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ویزے نہیں دیے جائیں گے‘