1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میرکل کے بعد جنوب مشرقی ایشیا کے بارے ممکنہ جرمن پالیسی

19 ستمبر 2021

ماہرین کے مطابق نئی جرمن حکومت جنوب مشرقی ایشیا میں اپنے ترقیاتی منصوبہ جات کو مزید وسعت دے سکتی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق نئی جرمن حکومت یقینی طور پر ایسی پالیسی کو مزید فعال بنا سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/40UNK
BG Merkel in der ausländische Presse | China Presse
تصویر: Adrian Bradshaw/dpa/picture alliance

جرمنی کے وفاقی انتخابات رواں مہینے کی چھبیس تاریخ کو ہوں گے۔ انگیلا میرکل کی چانسلری کا سولہ سالہ دور اختتام کے قریب ہے۔ ماہرین کے مطابق امکان ہے کہ نئی حکومت میرکل کی سیاسی جماعت کرسچین ڈیموکریٹک یونین اور حلیف کرسچین سوشل یونین کے بغیر ہی تشکیل پا جائے، اس صورت میں جنوب مشرقی ایشیائی پالیسی میں واضح تبدیلی ممکن ہے۔

چین کی نگاہیں جرمن صنعتی ماڈل پر

میرکل کی جنوب مشرقی ایشیائی پالیسی

فرائی بیرگ یونیورسٹی کے جنوب مشرقی ایشیائی امور کے ماہر ژؤرگن رُولینڈ کا کہنا ہے کہ انگیلا میرکل نے اپنے سولہ سالہ اقتدار کے دوران چین کے ایک درجن دورے کیے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے اس عرصے میں خاص طور پر بیجنگ حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات کو تسلسل دیا اور اس کی وجہ یہ تھی کہ چین، جرمن اشیا کا اہم خریدار ہے۔

Deutschland China Angela Merkel Xi Jinping
انگیلا میرکل نے اپنے سولہ سالہ اقتدار میں چین کے بارہ دورے کئےتصویر: Tomohiro Ohsumi/dpa/Pool Getty Images/AP/picture alliance

ژؤرگن رُولینڈ کا مزید کہنا تھا کہ آسیان تنظیم کے ساتھ روابط کی دستاویز ٹریٹی برائے آمیٹی (دوستی) اور کوآپریشن (تعاون) پر بھی جرمنی نے ابھی دستخط نہیں کیے۔ یہی معاہدہ آسیان کے ساتھ  روابط کے قواعد وضع کرتا ہے۔ اس معاہدے پر سن 2019 میں دستخط کرنا لازمی تھا اور اس کے بعد ہی کوئی یورپی ملک آسیان کا ترقیاتی پارٹنر ہو سکتا ہے۔

ژؤرگن رُولینڈ کے مطابق جرمنی کے جنوب مشرقی ایشیا کے ساتھ تعلقات بنیادی طور پر اقتصادی ہیں اور کسی حد تک انہیں ترقیاتی تعاون بھی کہہ سکتے ہیں۔ یہ بھی اہم ہے کہ میرکل کے دور میں جرمنی اور یورپی یونین نے آسیان بلاک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی۔

چین اور یورپ کے درمیان ماحولیات سمیت اہم امور پر بات چیت

جرمنی کا جنوبی مشرقی ایشیا کی جانب رویہ

سن 2020 میں برلن حکومت نے انڈو پیسیفک خطے کے لیے رہنما اصولوں کا کتابچہ جاری کیا تھا اور اسے علامتی طور 'اسٹریٹجی‘ کا نام نہیں دیا گیا۔ اس میں چین کے حوالے سے شکوک و شبہات کا شائبہ بھی ملتا ہے۔ اس کے باوجود چینی منڈیوں میں جرمن سامان کی ضرورت محسوس کی جاتی ہے۔ ژؤرگن رُولینڈ کا کہنا ہے کہ چین کو ذمہ دار ٹھہرائے بغیر جرمنی کی جانب سے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک پر بیجنگ حکومت کی بڑھتی اجارہ داری پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

Myanmar Asean-Gipfel in Naypyidaw eröffnet Flaggen
آسیان کے ساتھ روابط کی دستاویز ٹریٹی برائے آمیٹی (دوستی) اور کوآپریشن (تعاون) پر بھی جرمنی نے دستخط نہیں کیےتصویر: picture-alliance/dpa/A. Rahim

ژؤرگن رُولینڈ کا کہنا ہے کہ رہنما اصولوں میں آسیان کو مرکزی ادارے کے طور پر تسلیم کیا گیا کہ یہ اس خطے میں بنیادی راستہ فراہم کرتا ہے۔ دوسری جانب آسیان ممالک میں امن کی خواہش کے باوجود کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔

رواں برس جرمنی نے بحیرہ جنوبی چین میں اپنا ایک جنگی جہاز بھی بھیجا تھا، جو ایک خیرسگالی کے مشن پر تھا۔ سن 2002 کے بعد یہ پہلا جنگی جہاز تھا جو اس سمندر میں روانہ کیا گیا تھا۔ کچھ ماہرین کا یہ بھی خیال ہے کہ جرمنی جنوب مشرقی ایشیا میں کبھی بھی جیو پولیٹیکل معاملات میں کوئی کردار ادا کرنے کے لیے سرگرم نہیں رہا۔

سکیورٹی خدشات: جرمن سیٹلائٹ کمپنی کی چین کو فروخت روک دی گئی

میرکل کے بعد کیا ممکن ہے؟

 تازہ ترین رائے عامہ کے اعداد و شمار کے مطابق سوشل ڈیموکریٹک پارٹی، جو میرکل کی موجودہ حکومت میں جونیئر پارٹنر ہے، کو بقیہ سیاسی جماعتوں پر برتری حاصل ہے۔ الیکشن کے بعد یہ جماعت گرین پارٹی اورپرو بزنس فری ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ مخلوط حکومت بنانے کی کوشش کر سکتی ہے۔ ایسی صورت میں جنوب مشرقی ایشیائی پالیسی میں تبدیلی کا امکان موجود ہے۔

Angela Merkel Indonesien Susilo Bambang Yudhoyono
انگیلا میرکل سن 2012 میں انڈونیشیا کے دورے پر بھی گئی تھیںتصویر: picture-alliance/dpa

نئی مخلوط حکومت میں کسی چینی ناقد پارٹی کی موجودگی اسٹرٹیجیک اہمیت کی حامل ہو گی۔ ایک ماہر کے مطابق ایسی صورت میں آسیان کے رکن ملکوں کی وقعت بڑھ جائے گی۔ یہ بھی اہم ہے کہ گزشتہ بارہ مہینوں میں جرمن سیاسی جماتیں چین مخالف بیان بازی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان میں گرین پارٹی خاص طور پر اہم ہے کیونکہ یہ بیجنگ حکومت کی سب سے بڑی ناقد ہے اور اس کی وجہ اس پارٹی کی انسانی حقوق کی پرزور حمایت کرنا خیال کیا جاتا ہے۔

ڈیوڈ ہَٹ (ع ح/ ع ا)