1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
کھیلبرازیل

میسی نہیں تو نیمار ہی سہی، سعودی کلب الہلال نے بازی مار لی

15 اگست 2023

برازیلین سٹار نیمار کی سعودی پرو لیگ مقابلوں میں جلوہ افروز ہونے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ وہ جلد ہی سعودی کلب الہلال کی ٹیم کا حصہ بن جائیں گے۔ نیمار نے سن 2017 میں فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین جوائن کیا تھا۔

https://p.dw.com/p/4VCCU
Frankreich Neymar Jr.
تصویر: Jean Catuffe/DPPI media/picture alliance

فرانسیسی کلب پریس سینٹ جرمین (پی ایس جی) نے تصدیق کر دی ہے کہ وہ اپنے کھلاڑی نیمار کو سعودی کلب الہلال کو ٹرانسفر کرنے کے لیے تیار ہے۔ صرف اس ٹرانسفر کے لیے ہی سعودی کلب نیمار کے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین کو نوے ملین یورو ادا کرے گا۔

تاہم اس ڈیل کو حتمی شکل دینے سے قبل برازیل کے سٹار کھلاڑی نیمار جونیئر کا میڈیکل ٹیسٹ اور دیگر پیپر ورک کا طے ہونا شرط ہے۔

ریاض کے کلب الہلال کی کوشش تھی کہ وہ ارجنٹائن کے سٹار کھلاڑی لیونل میسی سے ڈیل کرے لیکن میسی نے امریکی کلب انٹر میامی جانا قبول کیا، جس کے بعد اس سعودی کلب نے نیمار سے رابطے شروع کر دیے۔

برازیلین فٹبالر نیمار کو 33 لاکھ ڈالر جرمانہ

چیمپئنز لیگ کا فائنل کون جیتے گا؟ نیمار یا لیونڈوفسکی

ریاض کے کلب الہلال کا روایتی حریف کلب النصر ہے، جس میں پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کی آمد سے اسے عالمی شہرت ملی تھی۔

اطلاعات ہیں کہ الہلال نے نیمار کو دو سال کا کانٹریکٹ آفر کیا ہے۔ اس ڈیل کے تحت اکتیس سالہ سٹار نیمار کو سالانہ سو ملین ڈالر کی فیس دی جائے گی۔ الہلال کی تاریخ کا یہ سب سے بڑا کانٹریکٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

تاہم النصر نے اڑتیس سالہ رونالڈو کو اپنے کلب میں لانے کی خاطر انہیں مبینہ تقریبا دو سو ملین ڈالر سالانہ فیس دینے کا معاہدہ کیا تھا۔

نیمار نے سن 2017 میں فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین جوائن کیا تھا۔ تب انہیں ریکارڈ دو سو ملین پاؤنڈز کی فیس دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم اب وہ پی ایس جی کے کوچ لوئی انرتیکے کی طویل المدتی منصوبہ بندی کا حصہ نہیں رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے کے میچ میں انہیں بینچ پر بیٹھا دیا گیا تھا۔

نیمار نے 173 میچوں میں فرانسیسی کلب پی ایس جی کی نمائندگی کی اور اس کلب کو تیرہ ٹائٹل جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان میں پانچ لیگ ٹائٹل بھی شامل ہیں۔ تاہم ان کا کیریئر انجریز سے بھرا رہا۔

سعودی کلب سے اس مبینہ ڈٰیل سے قبل ایسی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ نیمار ہسپانوی کلب ایف سی بارسلونا دوبارہ جوائن کر سکتے ہیں۔ نیمار اپنی شاندار ڈربلنگ کے باعث مشہور ہیں۔ انہیں موجودہ دور میں برازی کا سب سے بڑا اسٹار کھلاڑی قرار دیا جاتا ہے۔