1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میسی یا رونالڈو، بڑا کھلاڑی کون؟ بحث کا نتیجہ قتل

عدنان اسحاق7 مارچ 2016

بھارتی پولیس نے بتایا ہے کہ اس نے آج پیر کو ایک نوجوان کو اپنے ہی ایک دوست کے قتل کے شبے میں گرفتار کر لیا۔ یہ دونوں دوست بحث کر رہے تھے کہ لیونل میسی یا کرسٹیانو رونالڈو میں سے فٹ بال کی دنیا کا بڑا کھلاڑی کون ہے؟

https://p.dw.com/p/1I8Tr
تصویر: Reuters

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بھارت کے اقتصادی مرکز ممبئی میں دو دوستوں میں اس بات پر بحث ہو رہی تھی کہ آیا ارجنٹائن کے لیونل میسی بڑے فٹ بالر ہیں یا پھر پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو زیادہ باصلاحیت ہیں؟ اس دوران یہ بحث تکرار کا رخ اختیار کر گئی اور یہ دونوں اس قدر طیش میں آ گئے کہ ہاتھ ایک دوسرے کے گریبانوں تک پہنچ گئے۔ غصہ جنون میں بدلا تو عقل و شعور پر حاوی ہو گیا اور ایک دوست نے دوسرے پر وار کرتے ہوئے اسے زخمی کر دیا۔ فٹ بال کے ان دونوں مداحوں کا تعلق نائجیریا سے ہے۔

پولیس انسپکٹر کرن کبادی کے مطابق 34 سالہ اوبینا درمچکووا کی ہلاکت زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے ہوئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 21 سالہ مائیکل چکووما کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس افسر کبادی کے بقول، ’’نائجیریا سے تعلق رکھنے والے یہ دونوں نوجوان عالمی فٹ بال پر اپنی اپنی رائے دے رہے تھے۔ ان میں سے ایک ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ کے کرسٹیانو رونالڈو کا مداح تھا جبکہ دوسرا بارسلونا کے کھلاڑی لیونل میسی کی حمایت میں تعریفوں کے پل باندھ رہا تھا۔‘‘ کبادی کے مطابق اس موقع پر ہونے والی تکرار کے دوران ایک نے دوسرے کے چہرے کی جانب گلاس پھینکا، جس کے ٹوٹنے سے حملے کا نشانہ بننے والا معمولی زخمی ہو گیا۔ ’’اس کے بعد مبینہ ملزم نے اسی ٹوٹے ہوئے گلاس کے ٹکڑے سے درمچکووا پر پے در پے حملے کیا، جس سے اس موت واقع ہو گئی۔‘‘

Spanien Fußball Pokal-Wettbewerb FC Barcelona gegen Erzrivalen Real Madrid
تصویر: dapd

اس سلسلے میں جب مختلف خبر رساں اداروں سے نئی دہلی میں نائجیریا کے سفارت خانے سے رابطہ کیا تو وہاں سے کوئی جواب موصول نہ ہوا۔ لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو دونوں کا شمار عالمی سطح پر فٹ بال کے بڑے کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ 1987ء میں پیدا ہونے والے میسی پانچ مرتبہ سال کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں جبکہ 31 سالہ رونالڈو کے حصے میں یہ اعزاز تین مرتبہ آیا ہے۔