1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میڈرڈ ماسٹرز کپ، رافائل نادال پر امید

2 مئی 2011

ٹینس کے اہم ٹورنامنٹ میڈرڈ ماسٹرز کے آغاز پر ہسپانوی کھلاڑی رافائل نادال نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ یہ ٹائٹل اپنے نام کر کے اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔

https://p.dw.com/p/117fX
رافائل نادالتصویر: AP

ہسپانوی کھلاڑی رافائل نادال نے انہوں نے کہا ہے کہ اپنے ملک میں کھیلتے ہوئے ان پر کوئی دباؤ نہیں ہے اور وہ اپنا روایتی کھیل پیش کریں گے۔ میڈرڈ اوپن یا میڈرڈ ماسٹرز کپ کا آغاز یکم مئی سے ہوا۔ عالمی نمبر ایک رافائل نادال اس مرتبہ بھی پرجوش نظر آ رہے ہیں۔ کلے کورٹ پر کھیلے گئے اپنے گزشتہ چونتیس میچوں میں رافائل نادال ناقابل شکست رہے ہیں۔ کلے کورٹ پر آخری مرتبہ وہ 2009ء میں اس وقت شکست سے دوچار ہوئے تھے، جب سویڈش کھلاڑی رابن سوڈرلنگ نے انہیں فرنچ اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں ہی شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا تھا۔

اتوار کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رافائل نادال نے کہا کہ وہ اپنے ملک میں کھیلتے ہوئے ہمیشہ ہی لطف اندوز ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ میڈرڈ ماسٹرز میں ان کے سبھی مقابلے جاندار ہوں گے۔ نادال نے کہا کہ جیت کے لیے ہمیشہ ہی سخت محنت کرنا ہوتی ہے۔

Flash-Galerie Australian Open Djokovic
نوواک جوکووچ اپنے گزشتہ چھبیس میچوں میں ناقابل شکست رہے ہیںتصویر: AP

دوسری طرف نوواک جوکووچ، نادال کے لیے خطرہ سمجھے جا رہے ہیں۔ سربیا سے تعلق رکھنے والے جوکووچ نے اتوار کو بلغراد اوپن کے فائنل میں کامیابی حاصل کی اور اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھنے میں کامیاب ہوئے۔ وہ اپنے گزشتہ چھبیس میچوں میں ناقابل شکست رہے ہیں۔

میڈرڈ ماسٹرز ٹورنامنٹ میں برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے بھی شامل ہوں گے۔ اپریل میں زخمی ہونے کے بعد ایسے شکوک پائے جا رہے تھے کہ شاید وہ اس کپ میں شریک نہ ہو سکیں۔ تاہم انہوں نے کہا ہے کہ وہ اپنی معمول کی پریکٹس جاری رکھے ہوئے ہیں اور خود کو فٹ محسوس کر رہے ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید