1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہمیکسیکو

میکسیکو: لاوارث کنٹینر سے تقریباً ایک سو تارکین وطن بازیاب

29 جولائی 2022

یہ تارکین وطن گوئٹے مالا، ہونڈورس اور ایل سلواڈور سے آئے تھے اور انہیں حکام کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ ایک ماہ قبل بھی ٹیکساس میں اسی طرح کے واقعے میں پچاس سے زائد تارکین ایک ٹرک ٹریلر میں مردہ پائے گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/4EoEB
Mexiko Veracruz Truck Migranten Schmuggel
تصویر: Felix Marquez/AP Photo/picture alliance

میکسیکو کے حکام نے جمعرات کے روز بتایا کہ تقریباً ایک سو تارکین وطن کو میکسیکو کی ایک ہائی وے پر ایک مال بردار ٹریلر میں لاوارث چھوڑ دیا گیا تھا اور انہیں دم گھٹنے سے بچانے کے لیے باہر نکالنا پڑا۔

میکسیکو کے حکام کے مطابق گوئٹے مالا، ہونڈورس اور ایل سلواڈور سے تعلق رکھنے والے 94 غیر ملکیوں، جن کے پاس کو ئی دستاویزات نہیں تھے، کو امیگریشن حکام کے حوالے کردیا گیا۔ ان میں کئی بچے بھی تھے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ تقریباً 100 مزید افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

یہ تارکین وطن امریکی سرحد کی طرف جارہے تھے اور بدھ کی رات انہیں مشرقی ریاست ویراکروز کی ایک شاہراہ پر لاوارث کنٹینر میں پایا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ ان لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں ڈرائیور نے بے یار و مدد گار چھوڑ دیا۔

مقامی لوگوں کی مدد سے کنٹینر کھولا گیا

تارکین وطن کے امور کے ریاستی سربراہ کارلوس اینریک ایسکلانٹے کے مطابق لاوارث تارکین وطن کو کنٹینر سے باہر نکالنے کے لیے اس میں سوراخ کرنے پڑے۔

ان میں سے کچھ لوگوں کو اس وقت چوٹیں آئیں جب انہوں نے ٹریلر کی چھت سے چھلانگ لگا دی۔ البتہ ان کی جان کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔ تقریباً ایک درجن افراد کو مبینہ طور پر زخم اور دم  گھٹنے کی علامات کی وجہ سے ہسپتال لے جایا گیا۔

ایسکلانٹے نے بتایا کہ اکیوکن قصبے کے قریب کے رہائشیوں نے مال بردار کنٹینر کو توڑنے میں مدد کی۔

USA Gedenken an die tot aufgefundene Migranten in Texas
تصویر: Tayfun Coskun/Anadolu Agency/picture alliance

تارکین وطن امریکہ جاتے ہوئے اکثر موت کا شکار یا لاپتہ ہوجاتے ہیں

میکسیکو میں انسانوں کے اسمگلرتارکین وطن کو غیر قانونی طور پر سرحد پار کرانے کے لیے بالعموم ہجوم سے بھرے ہوئے ٹرکوں کا استعمال کرتے ہیں۔

جون میں میکسیکو سے تعلق رکھنے والے 22 افراد سمیت 50  سے زائد تارکین وطن سان انٹونیو، ٹیکساس میں ایک ٹریلر میں لاوارث چھوڑ دیے جانے کے بعد شدید گرمی کی وجہ سے ہلاک ہوگئے تھے۔

وائٹ ہاوس نے ایک بیان میں تارکین وطن کی ہلاکتوں کی "حقیقتاً خوفناک اور دل دہلادینے والا" قرار دیا تھا۔

انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (IOM) کے مطابق، 2014 سے اب تک تقریباً 6430 تارکین وطن امریکہ جاتے ہوئے ہلاک یا لاپتہ ہو چکے ہیں۔

 ج ا/ ص ز (اے پی،ا ے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید