1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میکسیکو میں طیارے کا اغوا، ہائی جیکر گرفتار

9 ستمبر 2009

میکسیکو میں بدھ کو ایک پروٹیسٹنٹ مذہبی رہنما نے ایک مسافر طیارہ اغوا کر لیا۔ تاہم یہ طیارہ میکسیکو سٹی کے ہوائی اڈے پر بحفاظت اتار لیا گیا۔ ہائی جیکر کو گرفتار کر لیا گیا۔

https://p.dw.com/p/JZ7C
تصویر: AP

ہائی جیکرنے بتایا کہ اس نے یہ کارروائی کر کے 'الہیٰ حکم' کی بجاآوری کی۔ تمام مسافر محفوظ رہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق ایئرومیکسیکو کی فلائٹ 576 پر 104 افراد سوار تھے، جن میں میکسیکو کے علاوہ فرانسیسی اور امریکی شہری بھی شامل تھے۔ یہ طیارہ بولویا سے روانہ ہوا تھا۔ میکسیکو کے تفریحی علاقے کینکُن میں اسٹاپ اوور کے بعد یہ طیارہ میکسیکو سٹی کے لئے روانہ ہوا تو بولویا کے شہری خوزے فلوریس نے ایک جعلی بم دکھا کر اسے اِغوا کر لیا۔

فلوریس نے میکسیکو کے صدر فیلپے کالدیرون سے ملاقات کا مطالبہ کیا۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ میکسیکو میں ایک زلزلہ آنے والا ہے اور وہ صدر کالدیرون کو اس سے خبردار کرنا چاہتا ہے۔

Mexikos Präsident Felipe Calderon spricht während einer Pressekonferenz in San Salvador
صدر فیلپے کالدیرون بھی ایئرپورٹ پہنچےتصویر: AP

تاہم یہ طیارہ میکسیکو سٹی کے ہوائی اڈے پر پہنچا تو پولیس نے جلد ہی اس کا قبضہ حاصل کر لیا ہے۔ ابتداء میں آٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا، جو بعدازاں مسافر ثابت ہوئے۔

قبل ازیں ذرائع ابلاغ کی غیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق ہائی جیکر دھماکہ خیز مواد لئے ہوئے تھے۔ انہوں نے صدر فیلپے کالدیرون سے ملاقات کا مطالبہ کیا تھا، دوسری صورت میں انہوں نے جہاز کو دھماکے سے اُڑانے کی دھمکی دی تھی۔

اس مقصد کے لئے صدر کالدیرون ہوائی اڈے پر موجود تھے۔ بتایا گیا کہ ہائی جیکرز بولویا کے شہری تھے، جو میکسیکو میں سیاسی پناہ حاصل کرنا چاہتے تھے۔

دوسری جانب میکسیکو کے سیکریٹری مواصلات یوان مولینار نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ ہائی جیکر دھماکہ خیز مواد سے لیس نہیں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہائی جیکر زیر حراست ہیں اور معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: افسر اعوان