نریندر مودی تیسری مدت کے لیے بھارتی وزیر اعظم بن گئے
9 جون 2024نئی دہلی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق مسلسل تیسری مرتبہ بھارتی وزیر اعظم بننے والے نریندر مودی نے اپنے عہدے کا حلف آج اتوار کی شام نئی دہلی میں منعقدہ ایک تقریب میں اٹھایا اور ان سے یہ حلف بھارتی خاتون صدر دورپادی مورمو نے لیا۔
اس تقریب کے موقع پر نئی دہلی کے صدارتی محل میں سینکڑوں کی تعداد میں حاضرین موجود تھے جبکہ صدارتی محل کے باہر بھی دور دور تک ہزارہا شہری اس حلف برداری کی تقریب کو دیکھنے کے لیے جمع تھے۔
بھارتی وزیراعظم مودی کو عالمی رہنماؤں کی مبارک باد
صدر مورمو نے پہلے نریندر مودی سے نئے وزیر اعظم کے طور پر حلف لیا، جس کے بعد ان کی کابینہ کے کئی سینئر وزراء نے بھی حلف اٹھایا۔ نریندر مودی کی نئی کابینہ کے کئی ارکان کی حلف برداری تو آج اتوار کے روز ہو گئی، تاہم ابھی ان کے عہدوں کا اعلان نہیں کیا گیا۔ توقع ہے کہ یہ اعلان کل پیر کے روز کر دیا جائے گا۔
توقع سے کم انتخابی کامیابی
آبادی کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے ملک اور سب سے بڑی جمہوریت بھارت میں قومی پارلیمانی انتخابات کا کئی ہفتوں پر محیط عمل رواں ماہ کے اوائل میں مکمل ہوا تھا، جس کے بعد ابھی چند روز قبل ہی انتخابی نتائج سامنے آئے تھے۔
بھارت: قومی انتخابات کے نتائج وزیر اعظم مودی کے لیے دھچکا
اس الیکشن میں نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت میں قائم سیاسی اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) اتنی بڑی کامیابی حاصل نہیں کر سکا تھا، جتنی امید کی جا رہی تھی۔ تاہم اس اتحاد کو مجموعی طور پر لوک سبھا کہلانے والے پارلیمانی ایوان زیریں میں اتنی سیٹیں بہرحال مل گئی تھیں کہ نریندر مودی آسانی سے نئی مرکزی حکومت تشکیل دے کر مسلسل تیسری مرتبہ اقتدار میں آ سکتے۔
این ڈی اے نامی سیاسی اتحاد میں مجموعی طور پر 15 سیاسی جماعتیں شامل ہیں۔
بھارتی انتخابات: مخلوط حکومت کا دور پھر سے واپس
نریندر مودی کے بعد نئی بھارتی حکومت میں شامل ہونے والے جن وزراء نے آج حلف اٹھایا، ان میں بھارتیہ جنتا پارٹی میں مودی کے راج ناتھ سنگھ، امیت شاہ اور نتین گڈکری جیسے قریب ترین ساتھی بھی شامل تھے۔
بھارتی الیکشن میں کتنے لوگوں نے ووٹ ڈالا؟
نئے سربراہ حکومت کے طور پر اپنی حلف برداری سے قبل نریندر مودی نے اپنی ویب سائٹ پر آج ہی شائع ہونے والے اپنے ایک مضمون میں لکھا کہ ان کے گزشتہ چند روز انتہائی مصروف رہے اور وہ مسلسل نئی حکومت تشکیل دینے کے عمل میں مصروف رہے۔
مودی کی تقریب حلف برداری میں حصہ لینے والے سرکردہ افراد میں بے جی پی کے کئی بڑے اور نامور حامی، متعدد جنوبی ایشیائی رہنما، شاہ رخ خان جیسی بالی وڈ کی مشہور شخصیات اور گوتم اڈانی اور مکیش امبانی جیسے ارب پتی کاروباری افراد بھی شامل تھے۔
م م / ش ر (اے ایف پی، اے پی)