نریندر مودی تین بڑے مغربی ملکوں کے دورے پر
9 اپریل 2015نئی دہلی سے موصولہ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے بتایا کہ اس دورے کے دوران فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں نریندر مودی صدر فرانسوا اولانڈ کے ساتھ ملاقات کرنے کے علاوہ فرانسیسی کاروباری رہنماؤں کے ساتھ دو گول میز ملاقاتوں میں بھی شامل ہوں گے۔ ان ملاقاتوں کا مقصد دفاعی شعبے کے علاوہ انفراسٹرکچر کی ترقی سے متعلق تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہو گا۔
ڈی پی اے کے مطابق نریندر مودی فرانس میں طویل عرصے سے التوا کا شکار چلے آ رہے جوہری ری ایکٹروں سے متعلق ان معاہدوں پر حتمی عملدرآمد کو یقینی بنانے کی کوشش بھی کریں گے، جن کے تحت ایٹمی توانائی کے شعبے کی فرانسیسی کمپنی Areva کو بھارت میں ایک ایٹمی بجلی گھر کے منصوبے میں نئی دہلی سے تعاون کرنا ہے۔۔
اس کے علاوہ بھارتی وزیر اعظم فرانس ہی میں دفاعی شعبے کی بہت بڑی کمپنی داسو ایوی ایشن کی اعلیٰ قیادت سے ملنے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں جس دوران انڈین ایئر فورس کے لیے رافال طرز کے جنگی طیاروں کی خرید کے معاہدے پر بات چیت کی جائے گی۔
فرانس کے بعد مودی کے دورے کی اگلی منزل جرمنی ہے، جہاں وہ چانسلر انگیلا میرکل کے ساتھ مل کر ہر سال منعقد ہونے والے ایک عالمی تجارتی میلے کا افتتاح کریں گے۔ اس دوران بھارتی مہمان ہینوور میں بھی اور پھر ملکی دارالحکومت برلن میں جرمن کاروباری نمائندوں اور سیاسی رہنماؤں سے بھی ملیں گے۔
چانسلر میرکل کے ساتھ نریندر مودی کے باضابطہ مذاکرات کے اہم موضوعات میں ماحول دوست توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور بھارت کا ’سمارٹ‘ شہروں کا منصوبہ ہوں گے۔
اپنے اس آٹھ روزہ غیر ملکی دورے کے آخر میں مودی کینیڈا جائیں گے۔ اس دوران ان کی اہم منزلیں اوٹاوا، ٹورانٹو اور وینکوور کے شہر ہوں گے۔ مودی کے کینیڈا کے اس دورے کی خاص بات یہ ہے کہ یہ گزشتہ 42 برسوں میں کسی بھارتی وزیر اعظم کا کینیڈا کا پہلا سرکاری دورہ ہو گا۔
اس شمالی امریکی ملک میں اپنے قیام کے دوران نریندر مودی کینیڈین ہم منصب اسٹیفن ہارپر کے علاوہ سرکردہ کاروباری شخصیات سے بھی ملیں گے، جس دوران دونوں ملکوں کے مابین سرمایہ کاری، تجارت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بہتر تعاون پر مذاکرات کیے جائیں گے۔
بھارتی وزیر اعظم نو سے بارہ اپریل تک فرانس میں، بارہ سے چودہ تاریخ تک جرمنی میں اور چودہ سے سولہ اپریل تک کینیڈا میں ہوں گے، جس کے بعد وہ واپس بھارت روانہ ہو جائیں گے۔