1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نریندر مودی کو ’عام آدمی‘ نے کاری ضرب لگا دی

کشور مصطفیٰ10 فروری 2015

نئی دہلی کے ریاستی الیکشن میں ڈالے گئے ووٹوں کی دو تہائی گنتی کے بعد بھارتی الیکشن کمیشن نے اعلان کر دیا ہے کہ عام آدمی پارٹی نے 70 رُکنی پارلیمان میں 67 نشستیں حاصل کر لی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1EZ0w
تصویر: STR/AFP/Getty Images

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو نئی دہلی کے ریاستی انتخابات میں بہت بڑی شکست ہوئی ہے۔ بدعنوانی کے خلاف مہم چلانے والے اروند کیجریوال کی عام آدمی پارٹی نے بھاری اکثریت سے فتح حاصل کر لی ہے۔

مودی کی اس شکست کو گزشتہ مئی میں بر سر اقتدار آنے کے بعد سے اب تک کی سب سے بُری شکست قرار دیا جا رہا ہے۔ نریندر مودی نے وزیر اعظم بننے کے بعد سے اپنی ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو مضبوط تر بنانے کے لیے ملکی اقتصادیات میں ممکنہ بہتری کے تمام تر وعدے کیے، اس کے باوجود ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو نئی دہلی کی اسمبلی میں گزشتہ ویک اینڈ پر جس شکست کا سامنا ہوا ہے وہ مودی حکومت کے لیے کوئی مثبت سِگنل نظر نہیں آ رہا اور یہ حکمران جماعت کے لیے کسی دھچکے سے کم نہیں۔

نئی دہلی کے ریاستی الیکشن میں ڈالے گئے ووٹوں کی دو تہائی گنتی کے بعد بھارتی الیکشن کمیشن نے اعلان کر دیا ہے کہ عام آدمی پارٹی نےکُل 70 میں سے67 پارلیمانی نشستیں حاصل کر لی ہیں اور حکمران جماعت بی جے پی کو محض 2 نشسیتں حاصل ہوئی ہیں۔

Indien Wahlen
کیجریوال غریب عوام کی زندگی بہتر بنانے کی بات کرتے ہیںتصویر: DW/Suhail Waheed

ویک اینڈ پر ہونے والے ان انتخابات کے نتائج سامنے آتے ہی عام آدمی پارٹی کے لیڈر اروند کیجریوال کے حامیوں نے سڑکوں پر نکل کر اپنی فتح کا جشن منانا شروع کر دیا اور ڈھول اور باجے کے ساتھ ناچتے ہوئے اپنی مُسرت کا بھرپور اظہار کرنے لگے۔ عام آدمی پارٹی کا منشور سماجی انصاف اور غربت کا خاتمہ ہے جس کا وعدہ کرنے والے لیڈر اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ ان کے ملک میں ایسی سیاسی قیادت کی ضرورت ہے جو ٹیکس چوروں سے نمٹ سکے اور بدعنوانی کے خلاف نبرد آزما ہونے کی صلاحیت رکھتی ہو۔

اروند کیجریوال کے حامی ’ کیجریوال کے پانچ سال ‘ کا نعرہ لگا رہے ہیں۔ اس موقع پر کیجریوال کا کہنا تھا، "اتنا بڑا مینڈیٹ بہت خوف زدہ کر نے والا ہے، ہمیں اپنے عوام کی خواہشات اور اُن کی توقعات کو پورا کرنا ہوگا"۔ جس وقت اروند کیجریوال یہ بیان دے رہے تھے ان کے حامیوں کی طرف سے اُن پر پھولوں کی بارش کی جا رہی تھی۔

Indien Anhänger der Aam Admi Partei AAP in New Delhi
بدعنوانی کا خاتمہ عام آدمی پارٹی کے منشور میں شامل ہےتصویر: uni

کیجریوال جو اب نئی دہلی کے چیف منسٹر یا وزیر اعلیٰ بن جائیں گے، کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے لیڈر نریندر مودی کا غریب عوام کے ساتھ غرور و تکبر کا رویہ ان کی پارٹی کی شکست کی وجہ بنا ہے۔ نریندر مودی کی گزشتہ برس مئی میں قومی سطح پر سیاسی کامیابی کے بارے میں بہت سے لوگوں کا کہنا تھا کہ اس کے پیچھے مودی کی کرسماتی شخصیت اور اُن کی طرف سے ملکی اقتصادیات میں بہتری کے وعدے کا بڑا ہاتھ ہے تاہم تب سے اب تک، ایک مختصر سے وقت میں عام آدمی پارٹی نے جو عوامی مقبولیت حاصل کر لی ہے، اُس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بھارت کے عوام حقیقی معاشرتی اصلاحات کے منتظر ہیں اور وہ ایک ایسے لیڈر پر زیادہ بھروسہ کرتے ہیں جو انہیں میں سے ہو۔ کیجریوال نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کا جو دعویٰ کیا ہے وہ بھارتی عوام کے لیے زیادہ دلچسپی اور اہمیت کا حامل نظر آ رہا ہے۔

دریں اثناء نریندر مودی نے منگل کو ریاستی انتخابات کے فاتح اروند کیجریوال کو اُن کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نئی دہلی میں کیجریوال کی قیادت والی حکومت کو وفاقی حکومت کی مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا ہے۔