1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نواز شریف نا اہل ہی ہیں، نظر ثانی درخواست مسترد

William Yang/ بینش جاوید
15 ستمبر 2017

پاکستان کی عدالت عظمیٰ نے آج جمعے کے روز پاناما پیپرز کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے دائر اٹھائیس جولائی کے نااہلی کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔

https://p.dw.com/p/2k4F0
Pakistan Premierminister Nawaz Sharif
تصویر: Reuters/C. Firouz

سن دو ہزار سولہ میں پاناما پیپرز کے منظر عام پر آنے کے بعد نواز شریف، اُن کے صاحبزادوں، بیٹی مریم اور اُن کے شوہر کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر سمیت مسلم لیگ نون کے رہنما اسحاق ڈار کے خلاف تحقیقات کا آغاز ہوا تھا اور اٹھائیس جولائی سن 2017 کو ملکی عدالت عظمیٰ نے اُنہیں نااہل قرار دے دیا تھا۔

یہ درخواستیں نواز شریف، حسن، حسین، مریم نواز، کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر اور اسحاق ڈار کی جانب سے دائر کرائی گئی تھیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کے اس فیصلے کے برقرار رہنے سے اگلے سال عام انتخابات پر اثر پڑے گا۔

آج نظرثانی کی درخواستوں کا مختصر فیصلہ پانچ رکنی بنچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے سنایا۔  بنچ کے بقیہ ارکان ججوں میں  جسٹس اعجاز افضل، جسٹس اعجاز الحسن، جسٹس گلزار احمد اور جسٹس شیخ عظمت سعید شامل تھے۔ ان کے مطابق عدالت اگلے ہفتے کے دوران  نظرثانی کی درخواستوں کا تفصیلی فیصلہ منظر عام پر لایا جائے گا۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا نواز شریف مخصوص وقت کے لئے، چند سالوں کے لیے یا ہمیشہ کے لیے نا اہل قرار پائے ہیں۔

نظرِثانی کی درخواستیں مسترد ہونے کے بعد نواز شریف اور انکی بیٹی مریم نواز کے لیے حالات کچھ سازگار ثابت نہیں ہوتے دکھائی دے رہے، مریم نواز حکمران پارٹی کی رہنما کے طور پر اپنے والد سے تربیت حاصل کر تی رہی ہیں اور پارٹی کی جانب سے آئندہ الیکشن کی مضبوط امیدوار ہیں۔

حکمران پارٹی مسلم لیگ (ن) نے سپریم کورٹ کے اس  فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس ملک میں اپنی رائے کا استعمال کرنے والے ووٹرز کے منہ پر یہ فیصلہ ایک طمانچے سے کم نہیں ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور وفاقی وزیر انوشہ رحمان نے اس موقع پر کہا ،’’ غیر جانبدار اور منصفانہ فیصلہ سب کا حق ہے اور یہ حق پاکستان کی بیس کروڑ عوام کے حق رائے دہی سے  نواز شریف اور انکے خاندان کو بھی حاصل ہونا چاہیے ۔‘‘

اسی سلسلے میں حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف کے سینیر رہنما فواد چودھری نے کہا،’’ یہ فیصلہ اس بات کی گواہی  ہے کہ پاکستان میں انصاف کی حکمرانی ابھی قائم ہے۔‘‘‘‘

پاکستان کی سپریم کورٹ نے اٹھائیس جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کو نا اہل قرار دے دیا تھا جس کے بعد نواز شریف کو اپنا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔