1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نومبر میں ایکشن میں نظر آؤں گا: ڈیوڈ بیکہم

27 اپریل 2010

فٹ بال کے مایہ ناز انگلش کھلاڑی ڈیوڈ بیکہم نے کہا ہے کہ یہ مشکل ہے کہ وہ نومبر سے پہلے دوبارہ میدان میں اتر سکیں اور یوں وہ رواں MLS سیزن میں کوئی بھی میچ نہیں کھیل سکیں گے۔

https://p.dw.com/p/N7sy
ڈیوڈ بیکہم اپنی اہلیہ وکٹوریہ کے ساتھتصویر: AP

امریکی کلب لاس اینجلیز گیلکسی کے مڈفیلڈر بیکہم مارچ میں اے سی میلان کے خلاف ایک میچ میں کھیلتے ہوئے اپنی ایڑی زخمی کروا بیٹھے تھے، جس کی وجہ سے وہ امسالہ عالمی کپ فٹ بال سے بھی باہر ہو گئے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ اس انجری سے جلد ہی ریکور کر لیں گے، تاہم منگل کو جاری کردہ ان کے بیان کے مطابق یہ واضح ہو گیا ہے کہ وہ اب اس سیزن میں دوبارہ ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے۔ امریکہ میں MLS کہلانے والا امسالہ فٹ بال سیزن 21 نومبر کو ختم ہو جائے گا۔

چونتیس سالہ بیکہم نے کہا: ’’یہ زخم ٹھیک ہونے میں کچھ وقت لے گا۔‘‘ MLS کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے اپنے بیان میں بیکہم نے مزید کہا: ’’میری سرجری ہوئے چھ ہفتے ہو گئے ہیں اور میں نے دس روز قبل تھیراپی بھی کرانا شروع کر دی تھی۔ اب میری روزانہ تھیراپی ہو رہی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی انجری کے بعد انتہائی محتاط رہنا پڑتا ہے۔

مارچ میں بیکہم زخمی ہونے کے بعد چھ مہینوں کے لئے مکمل آرام پر چلے گئے تھے تاہم اب انہیں آرام اور تھیراپی کے لئے مزید وقت دے دیا گیا ہے۔

ڈیوڈ بیکہم نے ایک نشریاتی ادارے کو دئے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ ابھی بھاگ نہیں سکتے اور اس کے لئے وہ مزید تین ماہ تک اپنی چوٹ ٹھیک ہونے کا انتظار کریں گے۔

David Beckham AC Mailand Verletzung 14. März 2010
بیکہم چودہ مارچ کو ای سی میلان کے خلاف کھیلتے زخمی ہوئے تھےتصویر: AP

زخمی ہونے کے باوجود وہ عالمی کپ فٹ بال کے میچ دیکھنے کے لئے جنوبی افریقہ جائیں گے۔ اس مرتبہ عالمی کپ جنوبی افریقہ میں گیارہ جون سے شروع ہو گا۔

اب جس میچ میں وہ دوبارہ بالکل فٹ ہوں گے، وہ شاید اگلے برس 29 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ یورپی چیمپیئنز لیگ 2012ء کے کوالیفائنگ میچوں کا یہ اس سال کا پہلا مقابلہ ہو گا۔

ڈیوڈ بیکہم پیر کو جب ایک نشریاتی ادارے کو انٹرویو دینے کے لئے اسٹوڈیوز گئے تو وہ بیساکھیوں کا سہارا لئے ہوئے تھے۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابقہ کھلاڑی بیکہم نے 115 بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں۔ وہ پہلے آؤٹ فیلڈر کھلاڑی ہیں جنہوں نےانگلینڈ کے لئے سب سے زیادہ میچ کھیلے ہیں۔ انگلینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی پیٹرشیلٹن ہیں، لیکن وہ بحیثیت گول کیپر انگلش ٹیم کا حصہ تھے۔ انہوں نے سن 1970ء سے 1990ء تک انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 125 میچ کھیلے تھے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک