1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نيويارک ميں کانفرنس: پاکستان کے سيلاب زدگان کی امداد ميں اضافہ

20 ستمبر 2010

نيويارک ميں اقوام متحدہ کے جنرل سيکريٹری کی زير صدارت پاکستان کی امداد کے موضوع پر کانفرنس ميں امريکہ ، برطانيہ اور يورپی يونين کے علاوہ جرمنی نے بھی پاکستان کے سيلاب زدگان کی امداد ميں اضافے کا اعلان کيا ہے۔

https://p.dw.com/p/PHLD
نيويارک ميں اقوام متحدہ کا صدر دفترتصویر: AP

جرمنی نے اقوام متحدہ کے جنرل سيکريٹری بان کی مون کی طرف سے سيلاب کی زد ميں آئے ہوئے پاکستان کی امداد ميں اضافے کی اپيل پر پاکستان کی امداد ميں 10 ملين يورو کا اضافہ کرديا ہے۔جرمنی کے ترقياتی امداد کے وزير ڈرک نيبل نے نيويارک ميں پاکستان کی امداد کے بارے ميں ہونے والی ايک کانفرنس ميں کہا کہ اس طرح سيلاب زدہ پاکستان کے لئے جرمنی کی امداد 35 ملين يورو تک پہنچ گئی ہے۔

نيبل نے نے کہا کہ پاکستان کے اکثر علاقوں منں سيلاب کا پانی اترجانے کے باوجود مختصر اور درميانی مدت کے اعتبار سے اس قدرتی آفت کے اثرات کا صحيح اندازہ لگانا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے پاکستانی اپنی بنيادی ضرورت کی اشيا سے بھی محروم ہوچکے ہيں اور اُنہيں کئی مہينوں تک بيرونی امداد کی ضرورت ہوگی۔ جرمن وزيز خارجہ گيڈو ويسٹر ويلے نے کہا کہ ہنگامی امداد کے علاوہ ايسے اقدامات بھی ضروری ہيں جن سے اس تباہی کے بعد پاکستانی اقتصاديت مستحکم ہوسکے۔

Pakistan Flutkatastophe
پاکستان : سيلاب کے بعد کا ايک منظرتصویر: AP

اقوام متحدہ کے جنرل سيکريٹری بان کی مون نے نيويارک ميں عالمی برادری سے پاکستان کی مدد کی پرزور اپيل کی۔ اُنہوں نے نيويارک ميں پاکستان کی امداد کے اس خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سيلاب ايک عالمگير تباہی اور ايک عالمگير چيلنج ہيں اور يہ علمی اتحاد اور يکجہتی کے لئے بھی چيلنج ہيں۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کا استحکام پوری دنيا کے لئے اہم ہے۔

اقوام متحدہ نے پچھلے ہفتے جمعہ ہی کو اپنی تاريخ ميں چندوں کی اپيل کا سب سے بڑا پروگرام شروع کرتے ہوئے عالمی برادری سے کہا تھا کہ وہ اگلے 12مہينوں کے دوران پاکستان کے سيلاب زدگان کے لئے دو ارب ڈالر کے چندے مہيا کرے۔ اس طرح اقوام متحدہ نے اگست کے شروع ميں پاکستان کے لئے مدد کی رقم کی جوپہلی اپيل کی تھی اب اُس نے اسے چارگنا کرديا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق سيلاب سے 20 ملين سے زائد پاکستانی متاثر ہوئے ہيں۔اقوام متحدہ کے نمائندے مسلسل يہ شکايت کررہے ہيں کہ عالمی برادری کی طرف سے پاکستان کو بہت سست رفتار سے مدد دی جارہی ہے۔

نيويارک ميں پاکستان کی امداد کے بارے ميں ہونے والے اس اجلاس ميں جرمنی کے علاوہ دوسرے ممالک نے بھی پاکستان کی امداد ميں اضافہ کرنے کا اعلان کيا۔ برطانيہ نے اپنی امداد بڑھا کر 210 ملين ڈالر کردی ۔ امريکہ اور يورپی يونين اب 350 ملين ڈالر دے رہے ہيں۔سعودی عرب 345 ملين ڈالر اور ايران 100 ڈالر مدد دے رہا ہے۔

رپورٹ: شہاب احمد صديقی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں