نِیل پڑنے کی چھ وجوہات
کبھی کبھی کسی میز کا کونا لگ جانے سے، کسی کرسی سے ٹکرا جانے سے یا کسی معمولی سے ٹھوکر سے جسم کے متاثرہ حصے پر نِیل پڑ جاتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ نِیل پڑتے کیوں ہیں؟
نِیل ہے کیا؟
جسم کے کسی حصے پر چوٹ لگنے کی وجہ سے جلد کے اندر خون کی کسی نالی کو اس طرح نقصان پہنچنا کہ اس میں سے قلیل مقدار میں خون کا اخراج شروع ہو جائے، بنفشی، سیاہ یا نیلے رنگ کے نشان کی صورت میں برآمد ہوتا ہے، اسی کو عمومی زبان میں نِیل کہا جاتا ہے۔
آپ مخصوص ادویات کا استعمال کر رہے ہیں
بعض ادویات کے استعمال کی صورت میں بغیر کسی وجہ کے جسم کے کسی حصے پر نِیل پیدا ہونے کا احتمال بھی ہو سکتا ہے۔ اسی طرح ادرک، لہسن یا وٹامن ای کا زیادہ استعمال بھی کئی بار جسم پر نِیل پیدا کرنے کا سبب بنے سکتا ہے۔
آپ بوڑھے ہو رہے ہیں
عمر ڈھلنے کے ساتھ جلد پتلی اور خون کی نالیاں کم زور ہو جاتی ہیں۔ ایسی صورت میں جسم پر نِیل پڑنے کے امکانات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ ایک وجہ یہ بھی ہے کہ جسم سے چربی کی مقدار کم ہو جائے، تو بھی خون کی نالیاں کو کسی معمولی سے ٹھوکر سے بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ بڑھ جاتا ہے۔
آپ خون پتلا کرنے والی ادویات استعمال کر رہے ہیں
اگر آپ خون کی نالیوں میں جمے ہوئے خون یا دل کے امراض کے تناظر میں خون پتلا کرنے والی ادویات کا استعمال کر رہے ہیں، تو نیل پڑنے کا احتمال ہو سکتا ہے۔ اسی طرح ایبوبروفین یا ایسپرین کا استعمال کرنے والوں کے جسم پر بھی نیل پڑنے کا امکان عام افراد کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔
آپ ذہنی تناؤ کے تدارک کی دوا لے رہے ہیں
اگر آپ ڈپریشن کے خلاف فلیکسوٹین، سرٹرالین، سیلاٹوپرام یا بوپروپیون جیسی ادویات کا استعمال کر رہے ہیں، تو ممکن ہے آپ کسی معمولی چوٹ کی صورت میں اپنے جسم پر نِیل کا نشان دیکھیں۔ وجہ یہ ہے کہ یہ ادویات براہ راست خون کے بہاؤ پر اثرانداز ہوتی ہیں۔
آپ نظام خون کے مسائل کا شکار ہیں
ہیموفیلیا اور خون کی دیگر بیماریاں خون کی نالیوں کو انتہائی کم زور کر سکتی ہیں۔ ہیموفیلیا کے حامل افراد کسی معمولی چوٹ کی صورت میں جسم کے اندر خون کے شدید رساؤ کا شکار ہو سکتے ہیں، جو جلد پر بڑے نیل کی صورت میں ظاہر ہو سکتا ہے۔
آپ کا جسم وٹامن کی کمی کا شکار ہے
جسم میں وٹامن سی اور وٹامن کے کی کمی غیرمتوقع نِیل کا باعث بن سکتی ہے۔ لیکن اگر آپ کسی امیر ملک میں رہتے ہیں اور خوراک تک آپ کی رسائی آسان ہے، تو یہ انتہائی غیرمتوقع بات ہو گی کہ آپ وٹامن کی کمی سے دوچار ہیں۔
نِیل سے جان کب چھوٹے گی؟
بدقسمتی سے اس کا کوئی فوری حل نہیں۔ نِیل پڑنے کی صورت میں جسم اندرونی طور پر خارج ہونے والا خون جذب کرے گا اور یہ عمل کم از کم دو ہفتے لے گا۔ محققین کے مطابق وقت گزرنے پر نِیل اپنا رنگ تبدیل کرتے ہوئے براؤن، پیلے یا سبز رنگ کی جانب مائل ہو گا اور پھر دھیرے دھیرے جلد سے غائب ہو گا۔ اس عمل میں جلدی اس طرح ہو سکتی ہے کہ جیسے ہی آپ کو کوئی اندرونی چوٹ لگے، فوراﹰ جسم کے متاثرہ حصے پر برف رکھیے۔