1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیٹو کے بم مجھے نہیں مار سکتے، قذافی کا آڈیو پیغام

14 مئی 2011

لیبیا میں سرکاری ٹیلی وژن نے قذافی کا ایک ایسا مختصر آڈیو پیغام نشر کیا ہے، جس میں انہوں نے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو پر طنز کرتے ہوئے اسے‘بزدل صلیبی جنگجو‘ قرار دیا ہے۔ قذافی کے مطابق نیٹو کے بم انہیں ہلاک نہیں کر سکتے۔

https://p.dw.com/p/11FxE
تصویر: dapd

اطالوی وزیر خارجہ نے کل جمعہ کو یہ کہا تھا کہ معمر قذافی ممکنہ طور پر دارالحکومت طرابلس سے رخصت ہو چکے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ غالب امکان یہ بھی ہے قذافی نیٹو کے فضائی حملوں میں زخمی بھی ہو چکے ہیں۔

Libyen Demonstration gegen Muammar Gaddafi in Bengasi Flugverbotszone
لیبیا میں فضائی حملوں کے خلاف مظاہرے بھی کیے گئےتصویر: dapd

اس بیان کے بعد لیبیا کے سرکاری ٹیلی وژن نے جمعہ کو رات گئے معمر قذافی کا یہ مختصر آڈیو پیغام نشر کیا، جس میں عشروں سے برسراقتدار قذافی نے کہا، ‘‘میں بزدل صلیبی جنگجوؤں کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں ایک ایسی جگہ رہتا ہوں جہاں وہ مجھ تک نہیں پہنچ سکتے اور جہاں وہ مجھے ہلاک نہیں کر سکتے۔‘

اس پیغام میں قذافی نے کہا کہ اگر نیٹو اتحاد اپنے فضائی حملوں میں انہیں ہلاک کرنے میں کامیاب ہو بھی گیا، تو ان کی جسمانی ہلاکت کا مطلب ان کی روح کی موت نہیں ہو گا، جو قذافی کے بقول کئی ملین انسانوں کے دلوں میں رہتی ہے۔ ساتھ ہی اپنے اس پیغام میں قذافی نے یہ بھی کہا کہ جمعرات کو جب مغربی اتحادی طیاروں نے طرابلس میں باب العزیزیہ کہلانے والے ان کے کمپاؤنڈ پر حملہ کیا تو انہیں ان کی خیریت دریافت کرنے کے لیے بےتحاشا افراد نے ٹیلی فون کیے۔

Italien Libyen Demonstration Pazifisten
لیبیا میں قذافی حکومت کے مخالف باغیوں نے قریب تین ماہ پہلے سے مسلح مزاحمت شروع کر رکھی ہےتصویر: AP

اسی دوران طرابلس میں موسیٰ ابراہیم نامی حکومتی ترجمان نے بتایا کہ معمر قذافی طرابلس ہی میں ہیں، وہ زخمی نہیں بلکہ بہت اچھی ذہنی اور جسمانی حالت میں ہیں اور اپنے ملک کی قیادت کر رہے ہیں۔

لیبیا میں قذافی حکومت کے مخالف باغیوں نے قریب تین ماہ پہلے سے ایسی مسلح مزاحمت شروع کر رکھی ہے، جس کے نتیجے میں وہ تیل پیدا کرنے والے شہر بن غازی سمیت کئی علاقوں پر قبضہ بھی کر چکے ہیں۔ امریکہ، برطانیہ اور فرانس سمیت کئی نیٹو اتحادی اس لیے لیبیا پر فضائی حملے کر رہے ہیں کہ اقوام متحدہ کی ایک قرارداد کی روشنی میں وہاں عام شہریوں کو قذافی کی فوجوں کی طرف سے کیے جانے والے حملوں سے بچایا جائے۔

کل جمعہ کی رات لیبیا کے باغیوں کے سرکردہ رہنماؤں نے پہلی مرتبہ واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس میں امریکی انتظامیہ کے اعلیٰ نمائندوں سے ملاقات بھی کی تھی۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں