1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

واشنگٹن کے صحافی خبر کے منتظر، بیس سالہ طالب علم خبر لے اڑا

29 ستمبر 2019

ایک 20 سالہ طالب علم نے ٹرمپ اور یوکرائن تنازعے میں ملوث ایک اہلکار کے مستعفی ہونے کی خبر کو سب سے پہلے عام کیا۔ اس خبر کے چھپنے پر امریکی میڈیا حیران رہ گیا۔ طالب علم ایک یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹس میگزین کا ایڈیٹر ہے۔

https://p.dw.com/p/3QRMZ
USA Protkoll Telefonat Donald Trump und Wolodymyr Selenskyj
تصویر: Getty Images/AFP/A. Caballero-Reynolds

اسٹوڈنٹس میگزین کے بیس سالہ ایڈیٹر کا نام اینڈریو ہووارڈ ہے اور وہ ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی کا طالب علم ہے۔ اس نے سب سے پہلے ایک مقامی اخبار میں اُس امریکی اہلکار نام عام کیا جو ٹرمپ اور یوکرائن تنازعے میں امکاناً ملوث ہو سکتا ہے۔  ایک علاقائی اخبار میں اس خبر کے چھپنے سے مرکزی امریکی میڈیا ششدر رہ گیا۔

امریکی صدر کی سرکاری رہائش گاہ وائٹ ہاؤس کے اہلکار کا نام کُرٹ ڈی وولکر ہے اور وہ یوکرائن کے لیے امریکی صدر کے خصوصی مشیر کے منصب پر فائز تھے۔ اینڈریو ہووارڈ نے وولکر کے اس منصب سے دستبرداری کی خبر جمعہ ستائیس سمبر کی شام بریک کی تھی۔

نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس سے گفتگو کرتے ہوئے طالب علم ہووارڈ کا کہنا تھا کہ وہ یقین نہیں کر پا رہے کہ وولکر کی خبر کو عام کرنے سے ایک بڑی ہلچل پیدا ہو سکتی ہے اور یہ خبر منظر عام پر لانا ان کے لیے ایک بڑے انعام کے مساوی ثابت ہو جائے گا۔ اسٹوڈنٹس میگزین کے ایڈیٹر نے مزید کہا کہ وہ اس بات پر یقین بھی نہیں کر پا رہے کہ اس خبر سے انہوں نے ٹائمز یا اے پی جیسی نیوز ایجنسی کو  بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

USA New York | Wolodymyr Selenskyj, Präsident Ukraine & Donald Trump, Präsident
امریکی صدر اپنے یوکرائنی ہم منصب وولودومیر زیلینسکی کے ہمراہتصویر: Reuters/J. Ernst

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے یوکرائن کے لیے خصوصی ایلچی کُرٹ ڈی وولکر ایک تھنک ٹینک میک کین انسٹیٹیوٹ کے سربراہ ہیں اور یہ ادارہ ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی کا حصہ ہے۔ اینڈریو ہووارڈ کے مطابق میک کین انسٹیٹیوٹ اور یونیورسٹی کے رابطوں کے توسط سے وہ یہ خبر حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔

اینڈریو ہووارڈ نے یہ خبر اُس مقامی اخبار میں شائع کی جس میں وہ  انٹرن شپ کر رہے ہیں۔ اس خبر کے عام ہونے پر دارالحکومت واشنگٹن میں حیرانی کی لہر دوڑ گئی۔ وائٹ ہاؤس کے لیے ٹائمز کی خصوصی نمائندہ میگی ہیبرمین بھی حیران رہ گئیں۔ انہوں نے اس خبر کو عام کرنے ایریزونا کے اخبار اور اینڈریو ہووارڈ کو خاص شاباش دی کہ وہ ایک اہم معاملے پر دور بیٹھ کر بھی توجہ مرکوز کیے ہوئے تھے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اُن کے یوکرائنی ہم منصب وولودومیر زیلینسکی کے ساتھ ہونے والی گفتگو کا ٹیکسٹ میڈیا پر سامنے آنے پر ایک بڑا تنازعہ کھڑا ہے۔ امریکی کانگریس کے ایوانِ نمائندگان میں صدر ٹرمپ کے ممکنہ مواخذے کا ابتدائی مرحلہ عمل شروع ہو گیا ہے۔

ع ح⁄ ش ح (اے پی)

عمران خان کی ٹرمپ سے ملاقات، نتیجہ کیا نکلا ؟

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں