واگنر اوپیرا فیسٹول اختتام پذیر
30 اگست 2010رچرڈ واگنر فیسٹول کا اس بار کا اختتام ہنسی مزاق پر نہیں تھا بلکہ تمام شرکاء افسردہ تھے کیونکہ یہ تمام اکیس اگست کو پھیپھڑے کے سرطان میں مبتلا موسیقار کرسٹوف شلنگن زیف (Christoph Schlingensief)کی ناگہانی موت پر افسردہ تھے۔ 49 سالہ اختراعی جرمن اوپیرا موسیقار اور ہدایتکارکو واگنر کے مشہور ڈرامے ڈی Meistersinger von Nuremberg پیش کر کے یاد کیا گیا۔ جرمن تھیئٹر میں شلنگن زیف ایک معتبر حوالہ تھا اور ان کا انتقال برلن میں ہوا۔ مرحوم ہدایتکار نے سن 2004 میں تھیئٹر کی پرفارمنس کے دوران ویڈیو اور نظریاتی آرٹ کے استعمال سے ایک بحث کو شروع کردیا تھا۔ ان کی آخری رسومات کیتھولک عقیدے کے تحت ان کے آبائی شہر اوبرہاوزن میں ادا کی جائیں گی۔
رچرڈ واگنر فیسٹول کے آخری دن شلنگن زیف کے فن کے بارے میں ’’بائے روئتھ‘‘ ٹاؤن میں خاصی بحث وتمحیث کے علاوہ فنکاروں اور ماہرین کی جانب سے بہت زیادہ خراج تحسین پیش کیا گیا۔ فیسٹول کی آخری پیشکش کے بعد شرکاء نے رچرڈ واگنر کے قدیمی گھر کا روایتی دورہ کیا۔
رچرڈ واگنر اوپیرا فیسٹول جرمن صوبے باویریا کے ایک ٹاؤن بائےروئتھ میں ہر سال منعقد کیا جاتا ہے۔ اس بار اختتام پر اعلان کیا گیا کہ واگنر میوزیم کو پہلی ستمبر سے تین سال کے لئے مرمت کے باعث بند کیا جا رہا ہے۔ اس مرمت کے عمل میں واگنر کے مینشن کی آرائش بھی شامل ہے۔ اس مرمت کے عمل پر تقریباً بارہ ملین یورو خرچہ آئے گا۔ آرائش نو کے لئے اکتوبر میں ڈیزائن ارسال کرنے والوں کے لئے انعامات کا اعلان کیا جائے گا۔ رچرڈ واگنر میوزیم سن 1976 میں واگنر کی صد سالہ سالگرہ کے موقع پر کھولا گیا تھا۔ ترتیب کے اعتبار سے رواں سال میں ختم ہونے والا رچرڈ واگنر فیسٹول 99 ویںبار منعقد ہورہا تھا۔ یہ فیسٹول پہلی اور دوسری عالمی جنگوں کے درمیان تعطل کا شکار رہا۔
ویلہلم رچرڈ واگنر ایک تاریخ ساز شخصیت تھے۔ وہ بائیس مئی سن 1813 میں پیدا ہوئے اور تیرہ فروری 1883 میں فوت ہوئے۔ وہ بیک وقت کمپوزر، ارکسٹرا کنٹرول کرنے والے کنڈکٹر، تھیئٹر کے ہدایتکار اور مضمون نویس تھے۔ غنائیہ یا موزیکل ڈرامہ ان کا شعبہ تھا۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: کشور مصطفیٰ