واہگہ کی سرحد کی روزانہ تقريب
7 جنوری 2013واہگہ کی سرحد پاکستان اور بھارت کے درميان سڑک کے راستے واحد کھلی گزرگاہ ہے۔ سرحد کے دونوں جانب جو اسٹيج تعمير ہيں، وہ روزانہ سہ پہر کے وقت بھرے ہوتے ہيں۔ يہ لوگ خاص طور پر اس فوجی تقريب کو ديکھنے آتے ہيں، جو يہاں غروب آفتاب سے کچھ قبل روزانہ منعقد ہوتی ہے۔ يہ فوجی مخصوص انداز ميں اپنے بھاری بوٹوں کی گونجدار دھمک اور جسمانی حرکات کے ساتھ پريڈ کرتے ہيں۔ سرحد کے دونوں جانب جمع لوگ اپنے اپنے سرحدی فوجيوں کی چست و مستعد پريڈ کو جوش و خروش سے اور بہت والہانہ انداز ميں ديکھتے ہيں۔ پيشہ ور بازی گر بھی اپنے کمال دکھاتے ہيں۔
آج بھارت کی جانب 20 ہزار شائقين جمع ہيں۔ وہ ’بھارت زندہ باد‘ کے نعرے لگا رہے ہيں۔ پاکستانی سرحدی چوکی ميں بنے اسٹيج پر تقريباً پانچ ہزار کا مجمع ہے۔ بھارت کی آبادی 1.2 ارب سے زائد اور پاکستان کی آبادی 180 ملين کے لگ بھگ ہے۔
دونوں ملکوں کی صرف ايک طويل مشترکہ سرحد ہی نہيں بلکہ ايک لمبی مشترکہ تاريخ بھی ہے۔ ليکن 1947ء کی آزادی کے بعد سے بہت خون بہہ چکا ہے اور کئی جنگيں بھی ہوئی ہيں۔ دونوں کے درميان تنازعات کی وجہ طاقت کی کشمکش، خود نمائی، مذہب، پانی اور زمين ہيں۔ پاکستان اور بھارت کی سرحد ايک ديوار کی مانند ہے جس کے دونوں جانب ايٹمی اسلحے کے ذخائر ہيں۔
سرحدی تقاريب اپنے دل کی بھڑاس نکالنے کا ذريعہ بھی ہيں۔ بھارتی پرچم لہرانے والے ايک نوجوان نے کہا: ’ميرا ملک دنيا کا سب سے بڑا اور بہترين ملک ہے‘۔ اس کے ساتھ ہی جنونی نوجوانوں نے نعرہ لگايا: ’پاکستان مردہ باد!‘
ايک بوڑھے بھارتی نے کہا: ’ہم دونوں ممالک ثقافتی طور پر ایک دوسرے کے قريب ہيں۔ دشمنياں سياسی سطح پر ہيں، انسانی سطح پر نہيں‘۔ اُن کے پوتے نے اضافہ کرتے ہوئے کہا کہ سرحد کے دوسری طرف شور مچاتے پاکستانی دراصل بھائيوں کی طرح ہيں۔
اب فوجی تقريب ختم ہو رہی ہے۔ دونوں ملکوں کے پرچم لہرائے جانے کے بعد پھر اتار ليے گئے ہيں۔ پاکستانی اور بھارتی فوجيوں نے ہاتھ ملانے کے بعد سرحدی گيٹ بند کر ديا ہے۔ فوجی ايک دوسرے کی طرف پشت کر کے پريڈ کرتے ہوئے وہاں سے چل ديے، اگلے دن تک کے ليے!
S. Petersmann, sas / mm