1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ کپ: جرمنی اگلے مرحلے ميں، پرتگال باہر

عاصم سليم27 جون 2014

جمعرات کو جرمنی اور امريکا کے مابين کھيلے گئے ميچ ميں جرمنی نے امريکا کو شکست ديتے ہوئے ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے کے ليے کواليفائی کر ليا ہے۔ اس ميچ کو ہارنے کے باوجود امريکا بھی اگلے مرحلے تک پہنچ گيا ہے۔

https://p.dw.com/p/1CR6y
تصویر: Getty Images

جنوبی امريکی ملک برازيل ميں جاری فٹ بال کے عالمی کپ ميں گزشتہ روز گروپ مرحلے کے آخری چار ميچ کھيلے گئے۔ ہفتہ اٹھائيس جون سے ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ کا آغاز ہو رہا ہے۔ ہفتے کے روز برازيل کا مقابلہ چلی سے جب کہ يوروگوائے کا مقابلہ کولمبيا سے ہوگا۔ اتوار کو ہالينڈ کی ٹيم ميکسيکو کے خلاف ميدان ميں اترے گی جب کہ کوسٹا ريکا کی ٹيم يونان کے خلاف اپنی قسمت آزمائے گی۔ بعد ازاں پير تيس جون کو فرانس اور نائجيريا ايک دوسرے کے خلاف ميدان ميں اتريں گے اور پھر جرمنی کی ٹيم الجزائر کے خلاف کھيلے گی۔ يکم جولائی کو کھيلے جانے والے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ کے آخری دو ميچوں ميں سوئٹزرلينڈ کا ميچ ارجنٹائن سے اور امريکا کا ميچ بيلجيم سے ہوگا۔

Porträt - Thomas Müllerگول جرمن کھلاڑی تھوماس مؤلر نے کھيل کے پچپن ويں منٹ ميں کيا
گول جرمن کھلاڑی تھوماس مؤلر نے کھيل کے پچپن ويں منٹ ميں کياتصویر: Getty Images

قبل ازيں جمعرات کے روز گروپ جی کی ٹيموں جرمنی اور امريکا کے مابين کھيلے جانے والے ميچ کا نتيجہ صفر کے مقابلے ميں ايک گول سے جرمنی کے حق ميں رہا۔ ميچ کا واحد گول جرمن کھلاڑی تھوماس مؤلر نے کھيل کے پچپن ويں منٹ ميں کيا۔ مؤلر اب موجودہ ورلڈ کپ ميں چار گول کر چکے ہيں۔

برازيلين شہر ريسيفے ميں کھيلے گئے اپنے تيسرے اور آخری گروپ ميچ ميں کاميابی کے بعد جرمنی کے پوائنٹس کی تعداد سات ہو گئی ہے اور جرمن ٹيم اپنے گروپ ميں سرفہرست ہے۔ گروپ جی سے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی حاصل کرنے والی دوسری ٹيم امريکا ہے، جو اگرچہ جرمنی کے خلاف اپنا آخری گروپ ميچ ہار گئی تاہم گھانا کی پرتگال کے ہاتھوں شکست کی بعد وہ بہتر گول اوسط کی بناء پر اگلے مرحلے تک پہنچنے ميں کامياب رہی۔

دريں اثناء براسيليا ميں کھيلے گئے گروپ جی کے ايک اور ميچ ميں پرتگال اور گھانا کی ٹيميں مد مقابل تھيں۔ يورپی ٹيم پرتگال نے يہ ميچ ايک کے مقابلے ميں دو گول سے جيت ليا۔ اگرچہ اس ميچ ميں پرتگال سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت يافتہ کھلاڑی کرسٹيانو رونالڈو ورلڈ کپ ميں بالآخر اپنا پہلا گول کرنے ميں کامياب ہو گئے تاہم وہ ورلڈ کپ سے پرتگال کے اخراج کو نہ بچا سکے۔

جمعرات کو ہی کھيلے گئے ديگر دو ميچوں ميں بيلجيم نے جنوبی کوريا کو ايک صفر سے ہرا ديا جب کہ روس اور الجزائر کے درميان مقابلہ ايک ايک گول سے برابر رہا۔ گروپ ايچ کے ان دو آخری ميچوں کے بعد بيلجيم کے پوائنٹس کی تعداد نو ہے جب کہ الجزائر کے چار پوائنٹس ہيں۔