1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ومبلڈن: ولیمز سسٹرز اور ووسنیاکی ٹورنامنٹ سے باہر

28 جون 2011

ٹینس اسپورٹ کے تیسرے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں دفاعی چیمپیئن سیرینا ولیمز، ان کی بہن وینس اور عالمی نمبر ایک اپنے اپنے میچ ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/11kSb
ماریا شاراپوواتصویر: AP

لندن کے آل انگلینڈ کلب میں جاری رواں برس کے تیسرے اہم ترین ٹورنامنٹ ومبلڈن میں خواتین سنگلز میں پیر کے روز اپ سیٹس کا انبار لگ گیا۔ چند غیر معروف خواتین کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹاپ رینکنگ کھلاڑیوں کو مات دی۔ خواتین سنگلز کے پری کوارٹر فائنل کے مرحلے میں کئی اہم نام ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ ان میں امریکہ کی ولیمز سسٹرز کے ساتھ عالمی نمبر ایک کیرولین ووسنیاکی بھی شامل ہیں۔ خواتین کی عالمی نمبر ایک کو سلوواکیہ کی ڈومینیکا سیبُولکووا کے ہاتھوں شکست کا سامنا رہا۔

Caroline Wozniacki Tennis Dänemark U.S. Open Flash-Galerie
ووسنیاکی ابھی تک ایک بھی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ نہیں جیت سکی ہیںتصویر: AP

یہ ایک حیران کن امر ہے کہ ووسنیاکی عالمی نمبر ایک کے مقام پر تین درجن ہفتوں سے براجمان ہیں اور اس دوران وہ ایک بھی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے میں ناکام رہی ہیں۔ عالمی نمبر دو کم کلائسٹرز زخمی ہیں وگرنہ وہ اس مقام پر امکاناً فائز ہو سکتی تھیں۔ سیبُولکووا اور ووسنیاکی کا میچ تین سیٹ کا تھا۔ پہلا سیٹ ڈنمارک کی خاتون کھلاڑی نے آسانی سے جیت لیا لیکن بعد میں سلوواکیہ کی سیبُولکووا نے میچ میں غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کر کے کامیابی حاصل کی۔ اب کوارٹر فا‌ئنل میں سیبُولکووا کا مقابلہ روس سے تعلق رکھنے والی سابقہ عالمی نمبر ایک ماریا شاراپووا کے ساتھ ہو گا۔

ومبلڈن کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں امریکہ کی سیرینا ولیمز اور وینس ولیمز بھی اپنے اپنے میچ ہار گئی ہیں۔ سیرینا کو فرانس سے تعلق رکھنے والی ماریون بارٹولی سے میچ ہارنا پڑا، اب کوارٹر فائنل مرحلے میں بارٹولی کا میچ جرمنی کی زابینے لیسیکی سے ہو گا۔ جرمنی کی نوجوان ٹینس کھلاڑی لیسیکی نے پری کوارٹرفائنل میچ پیٹرا سیکووسکا کے خلاف کھیلا۔ یہ میچ خاصا برابر رہا لیکن انجام کار لیسیکی جیتنے میں کامیاب رہیں۔

Venus und Serena Williams French Open 2010
امریکہ کی ولیمز سسٹرز ومبلڈن سے باہر ہو گئی ہیںتصویر: AP

دفاعی چیمپیئن سیرینا ولیمز کی بہن وینس ولیمز کو بھی شکست کا سامنا رہا۔ وہ اپنا میچ بلغاریہ کی سویٹنا پیرونکووا سے ہاریں۔ گزشتہ سال کوارٹر فائنل میں وینس کو پیرونکووا نے ہرایا تھا۔ بلغاریہ کی کھلاڑی کا اب اگلا میچ پیٹرا کویٹووا سے ہو گا۔ عالمی نمبر چار وکٹوریا آذیرنکا بھی اگلے مرحلے میں پہنچ گئی ہیں اور ان کا میچ اب آسٹریا کی ٹامیرا پیشک سے ہو گا۔

مردوں کے پری کوارٹر مرحلے میں رافائل نادال، راجر فیڈرر، اینڈی مرے اور نوواک جوکووچ سمیت دوسرے کھلاڑی کوارٹر فائنل اسٹیج کے لیے کوالیفائی کر گئے ہیں۔ مردوں کے سنگلز مقابلوں میں کوئی بڑا اپ سیٹ نہیں ہوا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید