1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویانا کے گوردوارے میں فائرنگ، ایک سنت ہلاک

مقبول ملک25 مئی 2009

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں سکھوں کے ایک گوردوارے میں اتوار کی سہ پہردو متحارب مذہبی گروپوں کے مابین فائرنگ کے نتیجے میں تیس کے قریب افراد زخمی ہو گئے جن میں سے خاص طور پر بھارت سے آئے ہوئے سنت راما نند انتقال کرگئے۔

https://p.dw.com/p/HwVJ
خونریز واقعے کے بعد گوردوارے کے باہر موجود چند سکھ نوجوانتصویر: picture alliance/dpa

ویانا کی پولیس کے مطابق ملکی دارالحکومت میں سکھوں کی ایک عبادت گاہ میں ہونے والی مذہبی تقریبات کے لئے خاص طور پر بھارت سے دو سکھ مذہبی رہنما آسٹریا آئے تھے جن میں سے ایک سنت نرنجن داس تھے اور دوسرے سنت راما نند۔

اتوار کی سہ پہر جب اس گوردوارے میں مذہبی تقریبات جاری تھیں تو مبینہ طور پر سکھوں کے ایک حریف گروپ کے کئی مسلح ارکان نے وہاں پہنچ کر اس اجتماع کے شرکاء پر فائرنگ شروع کردی۔

اس فائرنگ کے وقت گوردوارے میں ہونے والے پاٹھ میں قریب 350 افراد شامل تھے۔ اچانک فائرنگ کے جواب میں مبینہ طور پر اجتماع میں شامل کئی افراد کی طرف سے جوابی فائرنگ بھی شرو ع کردی گئی اور کرپانوں کا استعمال بھی کیا گیا۔ نتیجہ مجموعی طور پر تیس کے قریب افراد کے زخمی ہونے کی صورت میں نکلا۔

Schießerei in indischem Tempel in Wien
طبی امدادی کارکن ایک زخمی کو ہسپتال لے جاتے ہوئےتصویر: picture alliance/dpa

زخمیوں میں بھارت سے آنے والے دو میں سےایک سکھ گورو، سنت راما نند بھی شامل تھے جنہیں کرپان کے ساتھ حملے کی بناء پر کئی زخم آئے تھے اور وہ گولی لگنے سے بھی زخمی ہوئے تھے۔

ان کی نازک حالات کے باعث ویانا میں رات گئے ڈاکٹروں نے ہنگامی طور پر ان کا آپریشن کرکے ان کی جان بچانے کی کوشش کی لیکن رات بارہ بجے کے بعد ان کی موت واقع ہو گئی۔ سنت راما نند کے ساتھی گورو، سنت نرنجن داس زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

امرتسر میں کرفیو

ویانا میں سکھ مذہبی اجتماع پر سکھوں ہی کے ایک مخالف گروپ کے حملے کی خبر ملتے ہی بھارتی صوبہ پنجاب میں اکثریتی طور پر سکھ آبادی والے شہر امرتسر میں پر تشدد ہنگامے شروع ہو گئے جس دوران مظاہرین نے پتھراؤ کیا، عوامی املاک کو نقصان پہنچایا اور کئی بسوں کو آگ لگا دی گئی۔ حکام کو حالات کو قابو میں کرنے کے لئے فوری طور پر شہر میں کرفیو بھی لگانا پڑ گیا۔

بھارتی صوبہ پنجاب کے سکھ وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل نے ویانا میں خونریز حملے کی مذمت کرتے ہوئے سنت راما نند کی موت پر گہرت افسوس کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ آسٹریا میں اس خونریز واقعے کی فوری اور مکمل چھان بین کی جائے۔