وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی ’ممکن‘، وزیر خارجہ پومپیو
1 مئی 2019امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا فوکس نیوز نیٹ ورک کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو امریکا سیاسی بے یقینی کے شکار ملک وینزویلا میں ’فوجی کارروائی کر سکتا‘ ہے۔ پومپیو کا مزید کہنا تھا کہ امریکا وینزویلا میں اقتدار کی پرامن منتقلی چاہتا ہے اور ایسا اسی صورت ممکن ہوگا، جب صدر نکولاس مادورو اقتدار سے الگ ہوتے ہوئے نئے انتخابات کا اعلان کریں گے۔
امریکا کے چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ نے کہا ہے کہ وہ وینزویلا میں خفیہ معلومات جمع کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں تاکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم نامے پر بخوبی عمل کیا جا سکے۔ ان کا کانگریس کی ایک سماعت کے دوران کہنا تھا، ’’آج گوآئیڈو اور مادورو کے مابین موجودہ صورتحال غیر واضح ہے۔ ہم زیادہ سے زیادہ خفیہ معلومات حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں تاکہ صدر ٹرمپ کو ہماری ضرورت پڑے تو بہتر انداز میں ردعمل ظاہر کیا جائے۔‘‘ تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ مزید اس حوالے سے کیا کرنے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب روس نے امریکا کو وینزویلا میں کوئی بھی ’جارحانہ‘ کارروائی کرنے کے خلاف خبردار کیا ہے۔ روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف کا اپنے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے بدھ کو ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وینزویلا میں کسی بھی طرح کے مزید ’جارحانہ اقدامات‘ کے انتہائی سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ روسی وزیر خارجہ نے وینزویلا میں ان کے بقول امریکی مداخلت کی بھی شدید مذمت کی۔ قبل ازیں مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی طرف سے وینزویلا میں جاری بحران کے خاتمے کے لیے ’فوجی کارروائی ممکن‘ ہے۔ قبل ازیں امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن اور امریکی وزیر خارجہ نے الزام عائد کیا تھا کہ روس اور کیوبا وینزویلا میں قیادت کی تبدیلی کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔
دریں اثناء برازیل کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وینزویلا کی فوج میں تقسیم پیدا ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے نکولاس مادورو کی سوشلسٹ حکومت کا ’خاتمہ‘ ممکن ہے۔ گزشتہ روز وینزویلا حکومت نے اعلان کیا تھا کہ ’فوجی بغاوت‘ کی ایک کوشش کو ناکام بنا دیا گیا تھا۔ حکومت نے اس کی ذمہ داری اپوزیشن اور مغربی دنیا کے حمایت یافتہ لیڈر خوآن گوآئیڈو پر عائد کی تھی۔
وينزويلا کے اپوزيشن ليڈر اور خود کو ’حقيقی صدر‘ قرار دینے والے خوآن گوآئيڈو نے کہا ہے کہ نکولاس مادورو کو اقتدار سے ہٹانے کے ليے ’آخری مرحلہ‘ آج بدھ کو بھی جاری رہے گا۔ ٹوئٹر پر اپنے ايک پيغام ميں گوآئيڈو نے لکھا کہ ملک بھر ميں سڑکوں پر ان کے حمايتی بڑی تعداد ميں موجود ہوں گے۔ اسی دوران مادورو اور گوآئيڈو کے حاميوں کے مابين جھڑپوں ميں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہيں۔
ا ا / م م ( نیوز ایجنسیاں)