ٹائیگر کے معاشقے 120 عورتوں کے ساتھ
30 اپریل 2010ایک آسٹریلوی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ٹائیگر وُڈز نے ری ہیب سینٹر میں ان تمام خواتین کی فہرست بھی تیار کی تھی۔
عالمی نمبر ایک گولفر گزشتہ برس نومبر میں سیکس سکینڈل کے منظر عام پر آنے کے بعد تقریباً پانچ ماہ تک کھیل کی دنیا سے الگ تھلگ رہے۔ وُڈز نے متعدد خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ اپنے جنسی تعلقات اور معاشقوں کے اعتراف کے بعد اپنی بیوی ایلن، بچوں اور فیملی سے معافی مانگی تھی۔ سیکس سکینڈل کے باعث دو بچوں کے باپ اِس نامور گولفر کو کئی سپانسرشپس سے بھی ہاتھ دھونے پڑے تھے۔
ٹائیگر وُڈز نے رواں سال فروری میں اپنے معاشقوں اور تعلقات کے لئے کھلے عام معافی مانگی اور بعد ازاں مارچ میں کھیل میں واپسی کا اعلان کیا۔ سکینڈل کے بعد جب چونتیس سالہ سٹار گولف کے میدان میں واپس لوٹے تو نیا آغاز پرانے تنازعات کی نذر ہوا۔ اپنے کیریئر کے پندرہویں میجر ٹائیٹل کی دوڑ میں ٹائیگر ناکام رہے، جس کا اعتراف انہوں نے نامہ نگاروں کے سامنے کیا۔
کھلاڑیوں کے معاشقے اور شادیاں
کھیلوں کی دنیا کے ستاروں کے لئے معاشقے یوں تو کوئی نئی بات نہیں ہیں لیکن ٹائیگر وُذز کی گرل فرینڈز کی تعداد ضرور چونکا دینے والی ہے۔
پاکستان کے مایہ ناز سابق کرکٹر اور موجودہ سیاست دان عمران خان اور بھارتی فلمی صنعت بالی وُڈ کی سابق اداکارہ زینت امان کا معاشقہ کافی مشہور ہوا تھا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے موجودہ چیف سیلیکٹر محسن حسن خان اور بھارتی اداکارہ رینا رائے کا معاشقہ، شادی اور پھر طلاق بھی شہ سُرخیوں کی زینت بنتے رہے۔
اسی طرح ویسٹ انڈیز کے سابق سٹار کرکٹر ووین رچرڈز اور بھارتی اداکارہ نینا گپتا کا بھی معاشقہ چلا تھا۔ اگرچہ آج ووین رچرڈز شادی شدہ ہیں تاہم نینا گپتا کے ساتہ تعلق کے نتیجے میں ان کی ایک بیٹی بھی ہوئی، جو نینا گپتا کے ساتھ رہتی ہے۔ ابھی حال ہی میں پاکستانی کرکٹر شعیب ملک نے بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے ساتھ بھارتی شہر حیدرآباد میں شادی کی۔ اسی طرح سابق پاکستانی کرکٹر ظہیر عباس نے بھی ایک بھارتی خاتون کے ساتھ شادی کی تھی۔ یہاں جرمنی کی نامور سابق ٹینس کھلاڑی سٹیفی گراف نے امریکی ٹینس سٹار آندرے آگاسی کے ساتھ شادی کی تھی۔
رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی
ادارت: امجد علی