1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ کے روس سے رابطے: پانچ امریکی ادارے چھان بین میں مصروف

مقبول ملک مشائیل کنِگے
9 جون 2017

ایف بی آئی کے سابق سربراہ جیمز کومی اس چھان بین کا مرکزی کردار ہیں، جو امریکی سینیٹ کی خفیہ اداروں سے متعلق کمیٹی کر رہی ہے۔ لیکن یہ صرف ایک پہلو ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف پانچ مختلف امریکی ادارے تفتیش میں مصروف ہیں۔

https://p.dw.com/p/2eNvf
Symbolbild US-Wahl - Donald Trump & Wladimir Putin
روسی صدر پوٹن، دائیں، اور ان کے امریکی ہم منصب ٹرمپتصویر: picture-alliance/dpa/S. Thew & A. Druzhinin/Ria Novosti/Kremlin Pool

اس وقت امریکی صدر کے عہدے پر فائز ڈونلڈ ٹرمپ کی گزشتہ برس کے انتخابات سے پہلے کی سیاسی مہم کے اعلیٰ عہدیداروں کے روس کے ساتھ ممکنہ رابطوں کی مجموعی طور پر پانچ مختلف سطحوں پر تحقیقات جاری ہیں۔ ان میں سے سب سے اہم تفتیش وہ ہے، جو ایک خصوصی تفتیشی اہلکار کر رہے ہیں۔

Robert Mueller
خصوصی تفتیش کار رابرٹ میولرتصویر: picture-alliance/AP Photo/J.S. Applewhite

امریکی وزارت انصاف نے اس تفتیش کے لیے ایف بی آئی کے ایک سابق سربراہ رابرٹ میولر کو خصوصی تحقیقاتی افسر نامزد کیا تھا اور یہی وہ چھان بین ہے، جسے مبصرین سب سے اہم قرار دے رہے ہیں۔ اس لیے کہ یہ صرف کوئی سیاسی سماعت یا تفتیش نہیں ہے بلکہ یہ وہ واحد تعزیری تفتیش ہے، جس کے نتائج کی روشنی میں کوئی قانونی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

ایک اور بات یہ بھی ہے کہ رابرٹ میولر کی طرف سے کی جانے والی تفتیش وہ واحد چھان بین ہے، جو ایک فرد واحد متعلقہ حقائق کی روشنی میں کر رہا ہے۔ باقی چاروں واقعات میں یہ چھان بین امریکی کانگریس کی مختلف کمیٹیوں کے ارکان کر رہے ہیں۔ ان میں سے کئی تو امریکی کانگریس کے دونوں ایوانوں میں اکثریت رکھنے والی ٹرمپ کی جماعت ریپبلکن پارٹی ہی سے تعلق رکھتے ہیں۔

مجھے خدشہ تھا ٹرمپ جھوٹ بوليں گے، جيمز کومی کا حلفيہ بيان

ٹرمپ نے صرف سابق ایف بی آئی سربراہ پر ہی دباؤ نہیں ڈالا تھا

ٹرمپ روس تعلقات: FBI کے سابق سربراہ تحقیقاتی افسر مقرر

ایف بی آئی کے ٹرمپ کی طرف سے برطرف کیے گئے سابق سربراہ جیمز کومی نے سینیٹ کی خفیہ اداروں سے متعلق جس کمیٹی کی طرف سے سماعت کے دوران جمعرات آٹھ جون کو اپنا بیان ریکارڈ کروایا، اس کے دو سربراہان ہیں، ایک ڈیموکریٹ اور دوسرے ایک ریپبلکن سیاست دان۔ ریپبلکن سینیٹر رچرڈ بَر تو ٹرمپ کی انتخابی مہم کے دوران ان کے شانہ بشانہ بھی رہے تھے۔

Bildkombo U.S. Präsident Donald Trump und FBI Direktor James Comey
ایف بی آئی کے سابق سربراہ جیمز کومی، دائیں، اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپتصویر: Reuters/J. Lo Scalzo/G. Cameron

ٹرمپ کی انتخابی مہم کے روس کے ساتھ مبینہ رابطوں کی ایک اور سطح پر تحقیقات امریکی ایوان نمائندگان کی خفیہ اداروں سے متعلق کمیٹی بھی کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ ایک اور چھان بین ایوان نمائندگان کی سپروائزری کمیٹی کی طرف سے بھی کی جا رہی ہے۔

ڈونلڈ ’ٹرمپ کی سیاسی مہم اور روس‘ سے متعلق اس کئی طرح کی تفتیش کی خاص بات یہ ہے کہ اگر ان جملہ کارروائیوں کے نتیجے میں صدر ٹرمپ کے خلاف کوئی پارلیمانی یا قانونی اقدامات کیے جائیں گے، تو ان کا انحصار اس بات پر ہو گا کہ خصوصی تفتیش کار رابرٹ میولر اپنی رپورٹ میں جن نتائج پر پہنچیں گے، وہ کیا ہوں گے۔