1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹوئٹر پر سائبر حملہ، ہزارو‌ں پاس ورڈز چوری ہو گئے

2 فروری 2013

ٹوئٹر نے کہا ہے کہ اس پر سائبر حملہ ہوا ہے اور تقریباﹰ ڈھائی لاکھ صارفین کے پاس ورڈز چرُا لیے گئے ہیں۔ اس حملے کو مغربی ذرائع ابلاغ کے بڑے اداروں کے خلاف ہونے والی حالیہ کارروائی جیسا قرار دیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/17Wux
تصویر: Lionel Bonaventure/AFP/Getty Images

ٹوئٹر کے انفارمیشن سکیورٹی ڈائریکٹر باب لارڈ نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا ہے: ’’یہ حملہ کسی اناڑی نے نہیں کیا اور ہمیں نہیں یقین کہ یہ اس نوعیت کا واحد واقعہ ہے۔‘‘

لارڈ نے ’امریکی ٹیکنالوجی اور میڈیا کمپنیوں پر بڑے پیمانے پر ہونے والے حملوں میں اضافے‘ کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے ٹوئٹر کے ڈیٹا تک غیر قانونی رسائی حاصل کرنے کی کوششوں کا پتہ چلایا گیا۔

اس کمپنی پر تازہ سائبر حملہ ایسے وقت ہوا ہے جب بڑی کمپنیوں کے سائبر سکیورٹی نظام کو توڑے جانے کے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ اخبار نیویارک ٹائمز اور وال اسٹریٹ جرنل نے رواں ہفتے بتایا تھا کہ ان کی ویب سائٹس ہیک کر لی گئی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیکر چین سے تھے۔

ٹوئٹر نے حملہ کرنے والوں کے مقام کی تصدیق نہیں کی ہے۔ تاہم لارڈ کا کہنا ہے کہ حملہ آور انتہائی ماہر تھے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ دیگر کمپنیوں اور اداروں پر بھی حالیہ دِنوں میں ایسے ہی حملے ہوئے۔

Twitter Instagram App auf Smartphone Internet
ٹوئٹر کے فعال صارفین کی تعداد دو سو ملین سے زائد ہےتصویر: DW/P. Henriksen

انہوں نے بتایا کہ ٹوئٹر نے ایک حملہ روک لیا۔ تاہم لارڈ نے یہ امکان بھی ظاہر کیا کہ سائبر حملہ آور یُوزر نیم، ای میل ایڈریسوں، پاس ورڈز اور دیگر نوعیت کے ڈیٹا تک رسائی میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

احتیاط کے طور پر ٹوئٹر نے متاثرہ اکاؤنٹس کے پاس ورڈز منسوخ کر دیے ہیں اور انہیں استعمال کرنے والے صارفین کو ای میل پیغام کے ذریعے پاس ورڈ تبدیل کرنے کے لیے کہا ہے۔

ٹوئٹر نے دسمبر میں اعلان کیا ہے کہ اس کے فعال صارفین کی تعداد دو سو ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔ یہ ویب سائٹ دُنیا بھر میں خیالات، نظریات اور خبروں کی فوری رسائی کے لیے بہت مقبول ہے، بالخصوص موبائل فون سے اور بعض اوقات احتجاجی مظاہروں اور تحریکوں کے دوران۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ جمعے کو فرانسسکو میں قائم ٹوئٹر پر ہونے والے سائبر حملے کا نیویارک ٹائمز اور وال اسٹریٹ جرنل پر ہونے والے حملے سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔

امریکی کمپنیوں پر حالیہ سائبر حملوں کی وجہ سے چینی ہیکروں کے بارے میں تشویش نے پھر سے جنم لیا ہے۔ جمعے کو وزیر خارجہ کے عہدے سے سبکدوش ہونے والی ہلیری کلنٹن نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکا میں سرکاری اداروں اور نجی کمپنیوں پر ہیکروں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

ng/ai (AFP)