ٹینس سٹار سیرینا ولیمز پھر سب سے آگے
3 نومبر 2009اِس طرح گیارہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے والی یہ سیاہ فام کھلاڑی اب تک اپنے کیریئر میں تیس ملین ڈالر کے انعامات جیت چکی ہے۔ اتوار یکم نومبر کو دوحہ قطر میں کھیلے جانے والے ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں سیرینا نے اپنی بہن وینس کو شکست سے دوچار کرتے ہوئے تقریباً ایک ملین یورو کا انعام حاصل کیا۔ ساتھ ہی سیرینا عالمی درجہ بندی میں روسی کھلاڑی ڈِینارا زافینا کو پیچھے دھکیل کر ایک بار پھر پہلی پوزیشن پر بھی آ گئی ہیں۔ اِس سال اپریل میں زافینا نے سیرینا کو پیچھے دھکیل کر پہلی پوزیشن سنبھال لی تھی۔
بڑی بہن وینس ولیمز نے، جو قطر میں اپنے اعزاز کا دفاع نہ کر سکیں، سیرینا کی تعریف کرتے ہوئے کہا:’’کسی اور کے پاس اتنی طاقت اور کشش نہیں ہے، جتنی کہ سیرینا کے پاس۔ جس کسی کو بھی دنیا کی بہترین ٹینس کھلاڑی کے طور پر اُس کی حیثیت پر شک ہے، اُسے پتہ ہی نہیں کہ ٹینس ہے کیا چیز۔‘‘
29 سالہ وینس نے سیرینا کے مقابلے میں اب تک زیادہ یعنی مجموعی طور پر اکتالیس ٹورنامنٹ جیتے ہیں جبکہ سیرینا اب تک پینتیس ٹورنامنٹ جیت چکی ہے۔ تاہم دونوں بہنوں کے درمیان آپس میں ہونے والے مقابلوں میں سے تیرہ سیرینا نے جیتے جبکہ دَس میں وینس کو کامیابی نصیب ہوئی۔ کسی ٹورنامنٹ کے فائنل میں دونوں بہنوں کا آمنا سامنا اب تک گیارہ مرتبہ ہوا ہے، آٹھ فائنلز سیرینا نے جیتے جبکہ وینس کو محض تین میں کامیابی مل سکی۔
دونوں بہنوں کو ٹینس سے ہی نہیں بلکہ فیشن، موسیقی اور مطالعے کا بھی بے حد شوق ہے۔ دونوں کے ماں باپ میں علٰیحدگی ہو چکی ہے لیکن باپ رچرڈ اور ماں اوراسِین اپنی اِن دونوں بیٹیوں کو ہر قدم پر صلاح و مشورہ دینے کے لئے موجود رہتے ہیں۔ یہ اور بات ہے کہ چھوٹی بیٹی سیرینا کا تازہ ترین اقدام یعنی جریدے ESPN کے لئے برہنہ تصاویر اُتروانا اُن کے لئے ناقابلِ فہم تھا۔ سیرینا نے بتایا:’’ممی اور ڈیڈی کو یہ جان کر ہرگز خوشی نہیں ہوئی، خاص طور پر اِس لئے بھی کہ اِس میگزین کے سرِورق پر میری برہنہ تصویر شائع کی گئی تھی۔‘‘
تاہم بنیادی طور پر ماں باپ کے ساتھ سیرینا کا تعلق بہت ہی قریبی ہے اور اُنہوں نے ہی اُسے آئندہ وِیک اَینڈ پر اٹلی کے خلاف فیڈریشن کپ کے فائنل میں امریکہ کی طرف سے نہ کھیلنے کا مشورہ دیا ہے۔ سیرینا نے کہا:’’مجھے امریکی ٹیم کے لئے افسوس ہے لیکن مَیں ذہنی اور جسمانی طور پر بالکل نڈھال ہو چکی ہوں۔‘‘
جنوری سن 2010ء میں سیرینا عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر کی کھلاڑی کے طور پر آسٹریلین اوپن سے اپنے اگلے سال کے کھیل کا آغاز کریں گی اور اپنے آسٹریلین اوپن کے اعزاز کا دفاع کرنے کی کوشش کریں گی۔ سیرینا ولیمز سب سے پہلے جولائی سن 2002ء میں عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر آئی تھیں اور اگلے سال جنوری میں اُنہیں پہلی پوزیشن پر رہتے ہوئے مجموعی طور پر تریاسی ہفتے ہو جائیں گے۔
اِس سال سیرینا نے آسٹریلین اوپن کے ساتھ ساتھ ومبلڈن بھی جیتا۔ ایک ہی سال میں دو گرینڈ سلیم اور ایک ماسٹرز ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز اب تک صرف ایک اور خاتون کو حاصل ہوا ہے اور وہ تھی، بیلجیئم کی جسٹین ہینن، جسے یہ اعزاز سن 2007ء میں حاصل ہوا۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: شادی خان