پاکستانی اور بھارتی کھلاڑیوں کے مابین باہمی احترام
20 جون 2017پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی تنازعات تو ایک عام سی بات ہے۔ چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل سے قبل پاکستانی اور بھارتی میڈیا میں بھی ایک دوسرے سے جنگ جاری تھی۔ لیکن دونوں ٹیموں کے فائنل میچ سے قبل ہی بھارتی کھلاڑی ایم ایس دھونی کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دھونی نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے بیٹے کو گود میں اٹھایا ہوا ہے۔
عام تاثر یہی ہے کہ بھارت اور پاکستان کے میڈیا ایک دوسرے کے خلاف الفاظ کی جنگ جاری رکھتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بھی بھارتی فنکاروں، کھلاڑیوں اور پاکستانی تجزیہ کاروں اور شہریوں کے درمیان خوب بحث و مباحثہ جاری رہا۔ فائنل میچ میں پاکستان کو کامیابی حاصل ہوئی جس کے بعد پاکستانی کرکٹ شائقین نے بھارت کے خلاف کئی تنقیدی ویڈیوز پوسٹ کیں۔ لیکن بھارت کے صحافیوں کی جانب سے پاکستانی ٹیم کے لیے تعریفی تحریریں بھی لکھی گئیں اور کچھ بھارتی شہریوں نے بھی سوشل میڈیا پر پاکستانی ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔
پاکستان کے کھلاڑی اظہر علی نے ٹوئٹر پر اپنے بیٹوں کی ایم ایس دھونی، یوراج سنگھ اور ویرات کوہلی کے ساتھ تصاویر کو شئیر کیا ۔ اظہر علی نے ان بڑے کھلاڑیوں کے بارے میں کہا،’’ میں ان لیجنڈز کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے میرے بچوں کے ساتھ تصاویر کھنچوانے کے لیے وقت نکالا۔‘‘
سوشل میڈیا پر ایک اور ویڈیو بھی بہت زیادہ مرتبہ دیکھی گئی ہے جس میں ویرات کوہلی، یوراج سنگھ پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ بے تکلفی سے گفتگو کر رہے ہیں۔