پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی
26 مارچ 2022نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں ہیگلے اوول میں کھیلے گئے وومینز ورلڈ کپ کے ایک میچ میں آج نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 71 رنز سے شکست دے دی ہے۔ کیوی بیٹر سوزی بیٹز کی شاندار سنچری کے ساتھ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 266 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستانی ٹیم اس کے جواب میں نو وکٹوں کے نقصان پر صرف 194 رنز بناسکی۔
ندا ڈار کی آل راؤنڈ پرفارمنس
پاکستان کی جانب سے بولنگ اور بیٹنگ میں ندا ڈار اسٹار پرفامر رہیں۔ انہوں نے دس اوورز میں انتالیس رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں اور ڈار نے ہی سب سے زیادہ انفرادی اسکور 50 رنز بنائے۔
کپتان بسمہ معروف 38 رنز بناسکیں لیکن 266 رنز کے ہدف کے تعاقب کے دوران پاکستان کا رن ریٹ مسلسل سست روی کا شکار رہا۔ 155 پر تین وکٹوں کے بعد اگلی چھ بیٹرز مجموعی اسکور میں محض 39 رنز کا اضافہ کر سکیں۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے ہانا روو نے 55 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سیمی فائنل کے لیے دوڑ
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے لیے یہ ٹورنامنٹ کا آخری میچ تھا۔ اعداد و شمار کے اعتبار سے نیوزی لینڈ کے پاس سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کی امید ابھی بھی باقی ہے۔ اگر بھارت یا انگلینڈ کی ٹیمیں اپنا آخری میچ ہار جاتی ہیں تو چوتھی ٹیم کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ کے اعتبار سے کیا جائے گا۔ ان تینوں ٹیموں کے چھ چھ پوائنٹس ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ سے پہلے ہی باہر ہوچکی ہے۔ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں صرف ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک ہی میچ جیت سکی۔ یہ میچ بارش کی وجہ سے پچاس کے بجائے بیس اوور کا کھیلا گیا تھا۔
پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم اپنے سات میچ مکمل کرنے کے بعد دو پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر بنگلادیش کے بعد سب سے آخری پوزیشن پر ہے۔
پاکستانی ٹیم کی مجموعی طور پر گراؤنڈ پر کارکردگی تو مایوس کن رہی لیکن روایتی حریف بھارت کے میچ کے بعد کپتان بسمہ معروف کی بیٹی فاطمہ کے ساتھ بھارتی خواتین پلیئرز کی تصویر نے شائقین کرکٹ کے دل ضرور جیت لیے تھے۔
ع آ / ش ح (اے ایف پی، اے پی)