پاکستانی دیہات کی اندھیری راتیں روشن ہوتی ہوئیں
28 جولائی 2015پاکستانی شہر لاہور میں قائم ایک غیرسرکاری تنظیم بخش فاؤنڈیشن نے ایک ملین گھروں تک شمسی لالٹین کے ذریعے روشنی پہنچانے کے پراجیکٹ کا آغاز کر دیا ہے۔ آسان شرائط پر قراض فراہم کرنے والی یہ غیر سرکاری تنظیم اپنے پراجیکٹ کو بھارتی ادارے انرجی اینڈ ریسورسز انسٹیٹیوٹ کی مدد سے آگے بڑھا رہی ہے۔ بخش فاؤنڈیشن اپنے پراجیکٹ کی تکمیل کے لیے دیہی خواتین کو شمسی توانائی کے حصول کی تعلیم دے رہی ہے۔ مبصرین کا خیال ہے کہ دیہی خواتین کو شمسی توانائی کی تعلیم سے ہر گاؤں میں روشنی پہنچنے کے علاوہ شعور اور آگہی کا فروغ ممکن ہے۔ بخش فاؤنڈیشن کے مطابق ہر شمسی لالٹین کے استعمال سے سالانہ بنیاد پر پانچ سو سے چھ سو لٹر مٹی کی تیل کی بچت ہو گی۔
بخش فاؤنڈیشن نے اپنے شمسی لاٹین پراجیکٹ سے کچھ دیہات کی چند خواتین کو تربیت دی ہے۔ ان میں سے ایک بہاولپور شہر کے نواحی گاؤں کی شمع بی بی بھی ہے۔ اُس کا کہنا ہے کہ شمسی لالٹین سے اُس کی زندگی میں انقلاب آ گیا ہے اور اب وہ اپنے بچوں کی کفالت کے لیے رات کے وقت بھی کپڑے سی سکتی ہے کیونکہ اِس طرح وہ زیادہ پیسے کمانے کی پوزیشن میں آ گئی ہے۔ بخش فاؤنڈیشن جن خواتین کو سولر اسٹیشن کی ٹریننگ دیتی ہے، اُسے وہ ’’ لائٹ لیڈی‘‘ کا نام دیتے ہیں۔
اِس پراجیکٹ میں منتخب گاؤں کی خواتین کو تربیت دی جائے گی اور وہ اپنے گھر پر سولر اسٹیشن کو آپریٹ کرنے کے علاوہ اُسے سورج کی روشنی سے چارج بھی کر سکیں گی۔ ابتدائی طور پر جن دو لائٹ لیڈیز کو تربیت دی گئی ہے، اُن کو اضافی پچاس سولر لالٹینیں بھی دی گئی ہیں، تا کہ وہ انہیں کرائے پر دے کر مالی فائدہ حاصل کر سکیں۔ ایک گھر میں پچاس لالٹینوں اور سولر چارجنگ اسٹیشن لگانے کی ایک مرتبہ کی قیمت پچپن سو ڈالر کے قریب ہے۔ جس گھر میں یہ سسٹم لگایا جائے گا، وہ ادارے کو اِس کی مکمل قیمت آسان اقساط پر ادا کرے گا۔ سولر چارجنگ اسٹیشن کے ذریعے موبائل ٹیلی فون کی بیٹری کو بھی چارج کیا جا سکتا ہے۔
شمع بی بی کا کہنا ہے کہ وہ اِس سولر اسٹیشن کے حصول کے بعد اب پچاس لالٹینوں کو ہر شام کرائے پر بھی دیتی ہے۔ فی لاٹین کا کرایہ صرف چار پاکستانی روپے ہے جو چار امریکی سینٹس کے برابر نتے ہیں۔ شمع بی بی کے مطابق وہ پچاس شمسی لالٹینوں کو کرائے پر دے کر پچپن سو روپے ماہانہ اضافی کمانے لگی ہیں۔ بخش فاؤنڈیشن نے اب تک مختلف دیہات میں 150 سولر چارجنگ اسٹیشن لگائے ہیں۔ سن 2017 تک چار ہزار سولر اسٹیشنوں کی تنصیب مختلف دیہات میں کی جائے گی۔ بخش فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو آفیسر فضہ فرحان کا کہنا ہے کہ اُن کا ادارہ پاکستان کے دور دراز کے علاقوں کی خواتین کو اِس قابل بنانا چاہتی ہے کہ وہ مردوں کے شانہ بشانہ اپنے گھر اور سماج میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔