1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی صدر کی جرمن چانسلر سے ملاقات

19 جون 2009

پاکستانی صدر آصف علی زرداری اور جرمن چانسلر اینگلا میرکل کے درمیان برسلز میں ایک اہم ملاقات ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/IUsD
پاکستانی صدر برسلز میں ایک پریس کانفرنس کے دورانتصویر: AP

بلجیئم کے دارالحکومت میں جاری یورپی یونین کی سربراہی کانفرنس کے دوسرے اور آخری روز جرمن چانسلر کے ساتھ ہونے والی اس ملاقات کو پاکستانی وفد کے ارکان نے مثبت اور اطمینان بخش قرار دیا۔ برسلز میں موجود ڈوئچے ویلے کے نمائندے خالد حمید فاروقی کے مطابق اس ملاقات میں جن اہم معاملات پر گفتگو ہوئی ان میں پاکستان کی جانب سے یورپی ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ اگریمنٹ کا مطالبہ، سوات آپریشن کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے افراد یعنی آئی ڈی پیز کی دوبارہ آبادکاری کے لئے تعاون اور بھارت کے ساتھ تعلقات کی بہتری کا معاملہ شامل ہیں۔

Belgien EU Gipfel Deutschland Angela Merkel in Brüssel
جرمن چانسلر انگیلا میرکلتصویر: AP

جرمن چانسلر اینگلا میرکل نے اس موقع پر پاکستانی صدر آصف علی زرداری کو یقین دہائی کروائی کہ استمبول میں ہونے والی فرینڈز آف پاکستان کی آئندہ میٹنگ میں جرمنی فری ٹریڈ اگریمنٹ کے معاملے پر پاکستان کی مدد کرے گا۔ اینگلا میرکل نے یورپی یونین کی جانب سے آئی ڈی پیز کے مسئلے کے حل میں بھرپور تعاون کی یقین دہائی بھی کروائی۔

ڈوئچے ویلے کے نمائندے کے مطابق پاکستانی صدر اور جرمن چانسلر کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری تناؤ کو حل کرنے کے لئے دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کی بحالی کا مسئلہ بھی زیر بحث آیا۔ اینگلا میرکل نے دونوں ملکوں پر زور دیا کہ وہ مذاکرات کی بحالی کے لئے پیش رفت کریں۔ جرمن چانسلر نے اس موقع پر طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن میں پاکستانی حکومت اور فوج کے کردار کو سراہا۔

اس ملاقات میں پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرداخلہ رحمان ملک اور کامرس اینڈ انڈسٹری کے وزیر بھی شامل تھے۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : عاطف توقیر