1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی فوج میں کرپشن کے الزامات کی حقیقت کیا؟

26 اپریل 2023

فوج میں کرپشن کے الزامات اور ان کی تردید کوئی نیا موضوع نہیں تاہم سوشل میڈیا پر مباحثوں نے اس کی نوعیت تبدیل کر دی ہے۔ عمران خان کے فوج میں کرپشن سے متعلق ایک مبینہ بیان نے بھی اس معاملے کو ایک بار پھر اجاگر کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4QavE
Pakistan | Militärparade zum Nationalfeiertag
تصویر: Muhammed Semih Ugurlu/AA/picture-alliance

پاکستان  میں سیاستدانوں کی کرپشن کے حوالے سے ہمیشہ بحث چلتی رہی ہے لیکن گزشتہ کچھ مہینوں سے فوج سے تعلق رکھنے والے افراد پر بھی کرپشن کا الزام لگایا جا رہا ہے۔  فوج کے حامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواجمیں کرپشن کے الزامات محض منفی پراپیگنڈہ ہے اور یہ کہ اس ادارے کا اندرونی نظم و ضبط اتنا مضبوط ہے کہ اس میں کرپشن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ دوسری جانب ناقدین کا دعویٰ ہے کہ تمام اداروں کی طرح فوج میں بھی کرپشن موجود ہے اور احتساب کا نظام اتنا مضبوط نہیں جتنا کہ دعویٰ کیا جاتا ہے۔

Pakistan Premierminister Imran Khan
 حزب اختلاف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف ملک کے سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پر کھل کر کرپشن سمیت ملکی سیاست میں مداخلت کے الزامات لگا رہی ہےتصویر: Anjum Naveed/AP/picture alliance

عمران خان سے منسوب بیان

 حزب اختلاف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف ملک کے سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پر پہلے ہی بہت تنقید کررہی ہے اور اب روزنامہ جنگ کی ایک رپورٹ کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ وہ دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد فوج میں کرپشن کرنے والوں کو پکڑیں گے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ان کے اس بیان سے یہ تاثر ابھرا ہے کہ فوج میں بھی کرپشن ہے اور یہ کہ ان کا احتساب بھی نہیں ہورہا۔

تحریک انصاف کی تردید

پاکستان تحریک انصاف نے روزنامہ جنگ کی اس خبر کی سختی سے تردید کی ہے اور پی ٹی آئی کے اندرونی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ عمران خان نے ایسی کوئی بات نہیں کی۔ تاہم تحریک انصاف کا یہ بیان سوشل میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے اور اس پر کئی حلقوں میں بحث بھی ہو رہی ہے۔ اس بحث کا محور یہ ہے کہ آیا فوج میں کرپشن ہے بھی یا نہیں اور اگر ہے تو کیا فوجی افسران کا احتساب ہو سکتا ہے یا نہیں۔

کرپشن موجود ہے

معروف مصنفہ ڈاکٹر عائشہ صدیقہ کا کہنا ہے کہ یہ دعویٰ کرنا صحیح نہیں کہ فوج میں کرپشن نہیں ہے۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''میڈیکل کے شعبے سمیت ہتھیاروں اور غذائی اشیاء سمیت جہاں کہیں بھی سپلائی کا پہلو ہے وہاں کرپشن کا عنصر بھی شامل ہے۔ بالکل اسی طرح جب بھی فوج کو زیادہ اختیارات دیے جاتے ہیں اور مختلف علاقوں میں بھیجا جاتا ہے تو وہاں بھی کرپشن بڑھتی ہے، جیسے کہ کراچی میں رینجرز رکشوں اور ویگنوں سے لے کر کئی طرح کے کاروبار چلا رہی ہے۔‘‘

 عائشہ صدیقہ کا کہنا تھا کہ عمران خان سمیت اگر کوئی بھی اس کرپشن کو ختم کرنا چاہتا ہے تو اس کو سپلائی کا یہ عنصر پارلیمنٹ کے ماتحت لانا پڑے گا۔ ''نواز شریف نے ہتھیاروں کی سپلائی پارلیمنٹ کے اختیار سے نکال دی تھی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پارلیمنٹ کو بااختیار بنایا جائے اور ذوالفقار علی بھٹو نے احتساب کا جو ڈھانچہ کھڑا کیا تھا، جس کی روح کو جنرل ضیاء کے دور میں ختم کر دیا گیا تھا، اس کو مزید مضبوط کیا جائے۔‘‘

Prime Minister Shahbaz Sharif
تجزیہ کاروں کا کہنا ہےکہ پارلیمان کو فوج کے مالی امور کی نگرانی کا مؤثر اختیار حاصل ہونا چاہیےتصویر: National Assembly of Pakistan/AP/picture alliance

ارب پتی اولادیں

پاکستان میں کئی حلقوں کی طرف سے یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ پاکستان میں کئی فوجی افراد یا گھرانے ایسے رہے ہیں جو فوج میں شمولیت سے پہلے سماج کے غریب طبقے سے تھے لیکن آج ان کی اولادیں ارب پتی بنی ہوئی ہیں۔ سابق فوجی سربراہ جنرل ایوب خان، جنرل ضیا، جنرل اشفاق پرویز کیانی اور اب جنرل باجوہ ان چند فوجی افسران میں سے ہیں، جن کے خاندان اس حوالے سے تنقید کی زد میں آتے ہیں۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے تجزیہ نگار ڈاکٹر عمار علی جان کا کہنا ہے کہ کرپشن کی پیمائش کا ایک پیمانہ یہ بھی ہے کہ فوج سے تعلق رکھنے والے مختلف افراد کا طبقاتی پس منظر دیکھا جائے اور یہ بھی دیکھا جائے کہ یہ کس طرح تبدیل ہوا۔

انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، '' فوجی افسران کی تنخواہیں اتنی نہیں ہوتی کہ ان کی اولادیں ارب پتی بن جائیں۔ جنرل عاصم سلیم باجوہ، جنرل مشرف، جنرل کیانی کے بھائی اور جنرل باجوہ سمیت کئی فوجی افسران کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ  ان کا تعلق یا تو متوسط طبقے سے تھا یا پھر سماج کہ غریب طبقات سے تھا لیکن آج مبینہ طور پر ان کی اولادوں کے پاس دولت کی ریل پیل ہے اور وہ ارب پتی بنے ہوئے ہیں۔‘‘

ڈاکٹر عمار جان سوال کرتے ہیں کہ جتنی فوجی افسران کی تنخواہیں ہیں، اتنی تنخواہ میں کیا ان کی اولادیں ارب پتی بن سکتی ہیں۔

ڈاکٹر عمار جان کے مطابق بحریہ کے سابق سربراہ منصورالحق ملک اور این ایل سی سمیت کئی ایسے اسکینڈلز ہیں، جس میں فوج سے تعلق رکھنے والے افراد کے ملوث ہونے کا دعویٰ کیا جاتا ہے، ''ان کا احتساب بھی نہیں ہو سکا کیونکہ سیاستدانوں میں اتنی سکت نہیں ہیں کہ وہ ان کا احتساب کر سکیں۔‘‘

Pakistan | General Syed Asim Muni
پاکستانی بری فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر تصویر: W.K. Yousufzai/AP/picture alliance

فوج کے خلاف پراپینگڈہ

تاہم پاکستان کے طاقتور اداروں کا دفاع کرنے والوں کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج کو بد نام کرنے کے لیے اس طرح کا پراپیگنڈا کیا جاتا ہے تاکہ دشمن کے عزائم کو کامیاب بنایا جاسکے۔ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ایک ریٹائرڈ میجر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''میرے خیال سے یہ صرف فوج کے خلاف دشنام طرازی ہے ورنہ جہاں تک شفافیت کا تعلق ہے بحثیت ادارہ فوج کی شفافیت میں ریٹنگ سب سے اوپر ہے۔‘‘ اس سابق فوجی افسر کا مزید کہنا تھا، ’’ پاکستان آرمی ملک کا وہ واحد ادارہ ہے، جہاں ایک چھوٹے سے پرزے سے لے کر بڑے ہتھیار خریدنے تک ہر معاملے کی بہت کڑی جانچ پڑتال ہوتی ہے۔ محکمے کی اندورنی کمیٹیاں اور اکاؤنٹنٹ جنرل اس کی سخت نگرانی کرتے ہیں۔ ‘‘

اس میجر کا دعویٰ تھا کہ بھارت میں ہتھیاروں کی خریداری کے حوالے سے کئی اسکینڈلز رونما ہوئے۔ تاہم بقول ان کے پاکستان میں اس طرح کا کوئی اسیکنڈل سامنے نہیں آیا۔  انہوں نےکہا، ''بھارت میں جارج فرنینڈس کی وزارت کے دوران طیاروں کی خریداری کے حوالے سے بہت کرپشن ہوئی اور بعد میں رافیل طیاروں کے علاوہ کئی دفاعی معاہدوں میں بھی بدعنوانی کے الزامات لگے کیونکہ وہاں پر یہ خریداری وزراء کے زیر انتظام ہوتی ہے۔ پاکستانی فوج پر ایسا کبھی کوئی الزام نہیں لگا کیونکہ یہ ادارہ خریداری کے حوالے سے آخری حد تک شفافیت کو یقینی بناتا ہے۔‘‘

 

کہانی بڑے گھر کی اصل میں پاکستان کی کہانی ہے، عاصمہ شیرازی