پاکستانی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے، صدر عالمی بینک
10 فروری 2016عالمی بینک کے صدر جم یونگ کم نے پاکستان میں دو روزہ دورے کے دوران وزایر اعظم اور وزیر خزانہ سے ملاقات کی۔ عالمی بینک کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جم یونگ کِم نے پاکستانی اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں کے دوران معیشت میں مزید اصلاحات کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
جم یونگ کم نے حکومت پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ، ’’اس وقت پاکستان کے پاس خود کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔‘‘
اس موقع پر پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے کہا گیا، ’’ہماری کوشش ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کے لیے ایک بہترین کاروباری ماحول بنایا جائے کیونکہ حکومتوں کا کام کاروبار کرنا نہیں۔‘‘
اپنے دورے کے دوران عالمی بنیک کے صدر نے مہاجرین کے حوالے سے بھی ایک سیمینار میں شرکت کی۔ اس موقع پر جم یونگ کم کا کہنا تھا، ’’پاکستان کئی دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے اس کے ساتھ ساتھ پاکستان نے اندرون ملک نقل مکانی کرنے والے افراد کی دیکھ بھال بھی کی ہے۔‘‘ کِم کا یہ بھی کہنا تھا کہ عالمی بینک اندرون ملک نقل مکانی کرنے والے افراد کے لیے ’کیش ٹرانسفر پراجیکٹ‘ کے ذریعے حکومت پاکستان کی مدد کرے گا۔
آج جم یونگ کم نے کراچی کی ’انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن‘ میں طلبہ سے خطاب بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 45 فیصد بچوں کی صحیح نشو نما نہیں ہوتی۔ پاکستان کو صحت کے شعبے میں بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایسی خواتین سے بھی ملاقات کی جنہوں نے اپنے کاروبار کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کے خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں شرکت سے معیشت کو بے پناہ فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
عالمی بینک کے سربراہ نے کہا کہ عالمی بینک نئی نوکریاں پیدا کرنے میں پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔