پاکستانی نوجوان بھارتی پرچم لہرانے پر جیل میں
27 جنوری 2016بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے تین ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں نوّے رنز ناٹ آؤٹ کی ایک شاندار اننگ کھیل کر بھارت کو سینتیس رنز سے فتح دلوا دی۔ بائیس سالہ عمر دراز نے، جو ضلع اوکاڑہ کا اور بعض خبروں کے مطابق اوکاڑہ شہر کا رہائشی ہے اور ویرات کوہلی کا بہت بڑا پرستار ہے، اس عمدہ کارکردگی پر خوش ہو کر اپنے گھر پر بھارتی پرچم لہرا دیا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ اس واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد اس نوجوان کی گرفتاری چھبیس جنوری کو عمل میں آئی، جب بھارت میں یومِ جمہوریہ منایا جا رہا تھا۔ ریجنل پولیس افسر فیصل رانا نے نیوز ایجنسی اے ایف پی سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ بدھ ستائیس جنوری کو عمر دراز کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے:’’عمر دراز نے ابتداءً ہمیں یہ بتایا کہ وہ ایک سچا پاکستانی ہے لیکن کوہلی کا پرستار ہے اور یہ نہیں جانتا تھا کہ بھارتی پرچم لہرانا کوئی جرم ہے۔ اُس کا یہ اقدام ہمارے ملک کی حاکمیتِ اعلیٰ اور نظریہٴ پاکستان کے خلاف ہےوہ ویرات کوہلی کا ایک کٹر پرستار ہے اور اُس کے گھر میں تمام دیواروں پر کوہلی کے بڑے بڑے پوسٹر لگے ہوئے تھے۔‘‘
پولیس کا کہنا ہے کہ اس پاکستانی نوجوان نے اپنے گھر پر دشمن ملک کا پرچم لہراتے ہوئے ’نظریہٴ پاکستان کی خلاف ورزی‘ کی اور عدالت کی جانب سے قصور وار قرار دیے جانے پر عمر دراز کو جرمانے کے ساتھ ساتھ دَس سال تک کی سزائے قید بھی ہو سکتی ہے۔ اس نوجوان کو منگل کو ہی ایک مقامی عدالت میں پیش کر دیا گیا تھا، جس کے بعد اسے مقدمے کی سماعت تک کے لیے جیل بھیج دیا گیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان معاندانہ تعلقات کا سلسلہ 1947ء میں تقسیمِ ہند تک پھیلا ہوا ہے اور تب سے لے کر اب تک یہ ملک ایک دوسرے کے خلاف تین جنگیں لڑ چکے ہیں۔
2008ء میں بھارت کے کاروباری مرکز ممبئی پر ہونے والے دہشت پسندانہ حملوں کے بعد سے بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ میچوں کا سلسلہ موقوف چلا آ رہا ہے۔ گزشتہ مہینے بھارت پہلے تو سری لنکا کی غیر جانبدارانہ سرزمین پر پاکستان کے ساتھ ایک کرکٹ سیریز کھیلنے پر رضامند ہو گیا تھا تاہم بعد میں اُس نے یہ سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا۔ دونوں ملکوں کے مابین آخری مرتبہ دو طرفہ کرکٹ سیریز 2007ء میں کھیلی گئی تھی۔