1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان:الیکشن کمیشن نے وزیراعظم نا اہلی کیس کی سماعت روک دی

صائمہ حیدر
2 نومبر 2016

پاکستان میں سپریم کورٹ کے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے جوڈیشنل کمیشن کے قیام کے فیصلے کے بعد وزیرِاعظم نواز شریف کی نا اہلی سے متعلق الیکشن کمیشن میں دائر مقدمات کی سماعت روک دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/2S0pP
Nawaz Sharif Pakistan Premierminister spricht in Frankreich
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے وزیر‌ِاعظم نا اہلی کیس کی سماعت پر کارروائی روک دی ہےتصویر: Getty Images/A.Jocard

پاکستان کے الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وہ سپریم کورٹ میں دائر پانامہ لیکس کے مقدمے کا فیصلہ آنے کے بعد وزیرِاعظم کے خلاف دائر نا اہلی ریفرنس کی سماعت کرے گا۔ یہ فیصلہ آج الیکشن کمیشن میں اسی مقدمے کی سماعت کے دوران کیا گیا ہے۔

 دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف آج اسلام آباد کےپریڈ گراؤنڈ میں یومِ تشکر منا رہی ہے۔ پاکستان کے سیاسی امور پر گہری نظر رکھنے والی خاتون صحافی نوشین یوسف نے پریڈ گراؤنڈ سے براہِ راست ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ جلسہ گاہ میں تیاریاں جاری ہیں اور پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے جلسے کا آغاز ہو گا۔

نوشین یوسف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی سیاسی فضا میں کچھ تبدیلی آتی نظر آ رہی ہے اور اب بظاہر سیاسی سرگرمیاں سڑکوں سے پاکستان کی عدالتِ عالیہ اور الیکشن کمیشن کی جانب جاتی نظر آ رہی ہیں۔ خاتون صحافی نوشین یوسف کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب پانامہ اسکینڈل کی تحقیقات کا محور پاکستانی سپریم کورٹ ہو گی۔ معروف صحافی اور تجزیہ کار اویس توحید نے ڈوئچے ویلے اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف اس معاملے پر سپریم کورٹ میں کارروائی کے آغاز کے فیصلے سے بظاہر مطمئن نظر آتی ہے۔

Nawaz Sharif Pakistan Premierminister spricht in Frankreich
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے وزیر‌ِاعظم نا اہلی کیس کی سماعت پر کارروائی روک دی ہےتصویر: Getty Images/A.Jocard

 اُن کا کہنا تھا کہ غالباﹰ پی ٹی آئی کی قیادت کو یہ اندازہ ہو گیا تھا کہ اگر وہ اسلام آباد کے ’لاک ڈاؤن‘ کے مطالبے پر اڑے رہے تو اِس سے سیاسی حلقوں میں اُن کی مخالفت بڑھ جائے گی۔ اویس توحید کا مزید کہنا تھا کہ ایسی قیاس آرائیاں بھی بڑھ رہی تھیں کہ ایک ایسے وقت میں جب انگریزی اخبار ڈان کی سرل المائڈا کی سٹوری کے حوالے سے پاکستان کی سول اور ملٹری قیادت کے درمیان خلیج میں اضافہ ہو رہا ہے، تحریکِ انصاف کی جانب سے اسلام آباد کو بند کرنے کا مطالبہ کہیں جمہوریت کو ڈی ریل کرنا تو نہیں؟

اویس توحید کا کہنا تھا کہ ایسی اطلاعات ہیں کہ کل بروزِ جمعرات  مقدمے کی سماعت میں سپریم کورٹ جوڈیشنل کمیشن کا اعلان کر سکتی ہے۔