1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پی آئی اے کی نجکاری: اہم پیش قدمی کا اعلان

2 اپریل 2024

پاکستان کے نجکاری سے متعلق پینل نے قومی ایئر لائن کے حصص کی خرید میں دلچسپی رکھنے والوں سے بولیاں طلب کر لی ہیں۔ یہ اقدام آئی ایم ایف کی طرف سے لگائی گئی اصلاحات کی شرط کا ایک حصہ ہے۔

https://p.dw.com/p/4eLlj
Pakistani airlines I PIA
تصویر: Nicolas Economou/NurPhoto/picture alliance

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اکاون تا سو فیصد تک حصص کی فروخت کے لیے بولیاں ایک ایسے وقت طلب کی گئی ہیں جب شدید اقتصادی بحران کا شکار ملک پاکستان آئی ایم ایف سے قرضے کے حصول کے لیے مذاکرات کرنے جا رہا ہے۔ پاکستان کے پرائیویٹائزیشن پینل نے آج منگل دو اپریل کو بتایا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ کسی بھی بات چیت سے پہلے اصلاحات کی شرط رکھی ہے اور پی آئی اے  کی نجکاری ان اصلاحات پیکیج کا ایک حصہ ہے جس پرغیر معمولی طور پر زور دیا گیا ہے۔

نجکاری کی بُولی کا اشتہار

 پاکستان کے پرائیویٹائزیشن پینل کی طرف سے ایک اخباری اشتہار میں پی آئی اے کے حصص کی فروخت کے لیے بولی جمع کرانے کی ڈیڈ لائن تین مئی کی دی گئی ہے۔اس کے لیے مالیاتی مشیر کے طور پر EY کنسلٹنگ کی تقرری کی گئی ہے۔

پرائیویٹائزیشن کمیشن نے ویب سائٹ پر جاری کی گئی ایک پریزنٹیشن میں کہا، ''اصلاحات شدہ پی آئی اے کے 51 فیصد سے زائد حصص ممکنہ سرمایہ کاروں کو پیش کی جا رہے ہیں۔‘‘

Afghanistan Flughafen Kabul | Flugzeug PIA
پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن کے پاس 34 طیارے ہیںتصویر: KARIM SAHIB/AFP/Getty Images

 پینل کا مقصد  ہے کہ 24 جون تک حصص کی قیمتیوں کے معاہدے پر دستخط ہو جائیں اور لین دین کے تمام مراحل تکمیل کو پہنچ جائیں گے۔

نجکاری پینل کے مطابق پاکستان  کی ایوی ایشن مارکیٹ میں پی آئی اے کا حصہ 23 فیصد ہے، جو اس وقت بھی کسی ایئرلائن کا سب سے بڑا حصہ ہے اور اس کے مزید ترقی کر کے 30 فیصد تک پہنچنے کے روشن امکانات ہیں۔    

                                   

پی آئی اے کی خصوصی پرواز، اسپین سے کوئی واپس نہ جا سکا

پی آئی اے کا حجم

پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن کے پاس 34 طیارے ہیں، جن میں 17 ایئربس، 12 بوئنگ B777 اور پانچ ATRs شامل ہیں۔ تاہم مشرق وسطیٰ میں مختلف شہروں تک اس ایئر لائن کی براہ راست پروازوں کی عدم موجودگی کی وجہ سے ، مشرق وسطیٰ کی ایئرلائنز  اس مارکیٹ پر 60 فیصد شیئرز کے ساتھ غلبہ حاصل کی ہوئی ہیں۔

پی آئی اے  کے 87 ممالک کے ساتھ فضائی سروس کے معاہدے ہیں اور اسے لندن کے ہیتھرو جیسے اہم ایئرپورٹ پر  لینڈنگ کی اجازت ملی ہوئی ہے۔

ک م/ا ب ا (روئٹرز)