1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ شروع

29 جولائی 2010

نوجوان بیٹسمین سلمان بٹ کی قیادت میں مضبوط آسٹریلوی ٹیم کو ہیڈنگلے ٹیسٹ میچ میں شکست دینے والی نا تجربہ کار پاکستانی ٹیم اب اپنی ساری توجہ انگلینڈ کے خلاف چار میچوں کی سیریز پر مرکوز کئے ہوئے ہے۔

https://p.dw.com/p/OX22
انگلش کپتان اینڈریو سٹراوٴستصویر: AP

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ آج جمعرات سے ٹرینٹ برج میں شروع ہو رہا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز دو صفر سے جیتنے اور پھر دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر کرنے والی پاکستانی ٹیم کے حوصلے بلند نظر آ رہے ہیں۔

T 20 Cricket World Cup 2010
اوئن مورگن،گریم سوان اور جیمز اینڈرسن پریکٹس سیشن کے دورانتصویر: AP

انگلش کپتان اینڈریو سٹراوٴس نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کی توجہ پوری طرح سے پاکستان کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں پر مرکوز ہوگی۔ انگلش سلیکٹرز ان میچوں کو ایشز سیریز کی تیاری کے روپ میں بھی دیکھ رہے ہیں۔ انگلینڈ ٹیم میں اوئن مورگن جیسے ہونہار نوجوان بیٹسمین بھی شامل ہیں، جو پاکستان کے خلاف اچھی کارکردگی کی بنیاد پر آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز کے لئے انگلش ٹیم میں اپنی جگہ پکی کر سکتے ہیں۔

Cricket Ashes Cup Englad Australien Juli 2009
انگلش ٹیم آسٹریلیا میں ایشز کا دفاع کرے گیتصویر: AP

انگلینڈ میں آسٹریلیا کے خلاف حالیہ سیریز میں پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اٹھارہ سالہ پاکستانی گیندباز محمد عامر پوری سیریز کے دوران آسٹریلوی بلے بازوں پر حاوی دکھائے دئے۔ عامر نے اپنی سوینگ، رفتار اور کنٹرول سے آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کو بے حد پریشان کیا۔ محمد آصف اور عمر گُل نے محمد عامر کا بھرپور ساتھ دیا اور تینوں گیندبازوں نے مل کر ہیڈنگلے میں آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو پہلی اننگز میں 88 کے معمولی سکور پر آل آوٴٹ کر دیا۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی ٹیم کے نئے بیٹسمین اظہر علی نے زبردست صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فی الحال سلیکٹرز کو متاثر کیا ہے۔ اظہر علی نے لارڈز ٹیسٹ میں بھی اچھی اننگز کھیلی تاہم وہ ہیڈنگلے ٹیسٹ میں اپنے کیریئر کی پہلی نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے۔ پاکستان کے ایک اور نوجوان باصلاحیت بیٹسمین عمر اکمل نے توقعات کے برخلاف آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا لیکن اب انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ان کے پاس سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے کا ایک اور سنہری موقع ہے۔

Pakistan Sri Lanka Cricket Salman Butt
سلمان بٹ نے اپنے نوجوان کھلاڑیوں پر اعتماد ظاہر کیا ہےتصویر: AP

پاکستان کے ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ نے اپنے ناتجربہ کار کھلاڑیوں پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔ بٹ نے کہا ہے کہ انہیں پورا یقین ہے کہ یہ کھلاڑی ہونہار اور باصلاحیت ہیں اور یہ کہ انگلینڈ کے خلاف بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں سے غلطیاں بھی سرزد ہو سکتی ہیں۔ پاکستانی ٹیسٹ کپتان نے مزید کہا کہ انگلینڈ جیسی ٹیم کو ہرانے کے لئے بہت سخت محنت کرنا ہوگی اور ہر موقع کا بھرپور فائدہ اٹھانا ہو گا۔

انگلینڈ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے نام: کپتان اینڈریو سٹراوٴس، ایلسٹر کوک، جوناتھن ٹراٹ، کیون پیٹرسن، پال کولنگ وُڈ، اوئن مورگن، میتھ پرائر، گریم سوان، سٹیورٹ بروڈ، جیمز اینڈرسن اور سٹیون فن۔

پاکستان ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے نام: کپتان سلمان بٹ، عمران فرحت، اظہر علی، عمر امین، عمر اکمل، شعیب ملک، کامران اکمل، محمد عامر، عمر گُل، دانش کنیریا اور محمد آصف۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں