1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین پہلا ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ

21 اپریل 2011

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیمیں آج سینٹ لوسیا کے مقام پر کھیلے جا رہے بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچ میں پہلی مرتبہ ایک دوسرے کے مد مقابل آئیں گی۔ بالخصوص اس میچ کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/111wV
پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظتصویر: picture alliance/dpa

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیمیں غیر مستقل مزاجی کی وجہ سے مشہور ہیں۔ دونوں ٹیمیں کبھی تو انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہیں تو کبھی ریت کا پہاڑ ثابت ہو جاتی ہیں۔ پاکستانی ٹیم اپنے دورہء ویسٹ انڈیز کے دوران صرف ایک ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کھیلی گی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں کئی بڑے نام شامل نہیں کیے گئے ہیں۔

اپنی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت مشہور کرس گیل کے علاوہ ڈیون براوو اور کیرن پولراڈ کو اس لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، کیونکہ گزشتہ سیزن میں ان کھلاڑیوں نے ویسٹ انڈیز میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے میچ نہیں کھیلے تھے۔ اسی طرح رام نیریش ساروان اور شیو نارائن چندر پال کو بھی ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کی موجودہ ٹیم میں صرف پانچ ایسے کھلاڑی شامل ہیں، جنہوں نے عالمی کپ مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کے خلاف کھیلا تھا۔

Flash-Galerie Pakistan Cricket Trainer Shahid Afridi
پاکستانی کپتان شاہد خان آفریدیتصویر: AP

ویسٹ انڈیز کی کمزور اور ناتجربہ کار ٹیم کے مقابلے میں پاکستانی ٹیم مضبوط معلوم ہوتی ہے۔ اگرچہ پاکستان نے ابھی تک ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل نہیں کی ہے تاہم ناقدین کا خیال ہے کہ اس مرتبہ پاکستانی ٹیم مضبوط ہے اور وہ ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر اسے ٹیسٹ سیریز میں مات دے سکتی ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے 2005ء میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا تھا۔ اس وقت پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں تین صفر سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد ٹیسٹ سیریز برابر کر دی تھی۔

اس سیریز کے دوران پاکستانی ٹیم ایک ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کے علاوہ پانچ ایک روزہ میچ اور دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ پہلا ایک روزہ میچ تیئس اپریل کو سینٹ لوسیا کے مقام پر ہی کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں